lg manooj sinha

لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر بھر میں’ راشٹریہ ایکتا دیوس‘ منانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں یونین ٹیریٹری جموںوکشمیر میں ’راشٹریہ ایکتا دیوس‘ منانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔یہ سالانہ تقریب سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یومِ پیدائش کے موقعہ پر منائی جاتی ہے جس میں ہندوستان کے اتحاد کے لئے ان کی عظیم خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ڈِی جی پی نلین پربھات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ چندرکر بھارتی،سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی، اے ڈِی جی سی آئی ڈی ایم کے سنہا، اے ڈِی جی پی آرمڈ نتیش کمار، ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز آلوک کمارکے علاوہ آئی جی پیز،صوبائی کمشنران،ضلع ترقیاتی کمشنروں، ایس ایس پیز اور دیگر سینئر افسران نے ذاتی طور پر یا بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سینئر اَفسران کو ہدایت دی کہ ’رن فار یونٹی‘ اور ’راشٹریہ ایکتا دیوس عہد‘ کے لئے ایسے اِنتظامات کئے جائیں جو بلا رکاوٹ، پرامن اور منظم ہوں اور ’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘ کی بنیادی روح کی عکاسی کریں۔اُنہوں نے سب کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے سکولی بچوں، نوجوانوں، سیکورٹی اہلکاروں اورمعاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قومی فخر کے جذبے کو فروغ دینے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید ہدایت دی کہ جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کے ہیڈ کوارٹروں اور پولیس سٹیشنوں کی سطح پر ’یونیٹی رنز‘ اور رسمی پریڈز کا اہتمام کیا جائے اور ساتھ ہی ریاست بھر کی جیلوں میں بھی قومی اتحاد سے متعلق پروگرام منعقد کئے جائیں۔