ہمارے ملک میں ایک بھی درانداز نہیں رہے گا یہ ہمارا مشن ہے / امیت شاہ
سرینگر/ سی این آئی // بی جے پی ملک کو دراندازوں سے پاک کرنے کا اپنا وعدہ پورا کرے گی کا اعلا ن کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ میں ان لوگوں میں شامل ہوں جو یہ مانتے ہیں کہ ہمارے ملک میں ایک بھی درانداز نہیں رہنا چاہیے۔سی این آئی کے مطابق وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی ملک کو دراندازوں سے پاک بنانے کے اپنے وعدے پر پورا اترے گی۔گوہاٹی میں آسام کے پہلے غیر کانگریسی وزیر اعلیٰ گولاپ بوربورا کی صد سالہ پیدائش کے موقع پر ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز کا ہائی پاور ڈیموگرافی مشن، جس کا اعلان وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی یوم آزادی کی تقریر میں کیا تھا، ملک کے آبادیاتی پیٹرن کا مطالعہ کرنے اور دراندازی کرنے والوں کی شناخت کی طرف ایک یقینی قدم ہے۔انہوں نے کہا ’’ہم نے آسام سے ایک وعدہ کیا تھا، لیکن ہم اسے 10 سالوں میں پورا نہیں کر سکے۔ لیکن ہم اپنا وعدہ پورا کریں گے اور آسام اور پورے ملک کو غیر قانونی غیر ملکیوں سے پاک بنائیں گے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا’’میں ان لوگوں میں شامل ہوں جو یہ مانتے ہیں کہ ہمارے ملک میں ایک بھی درانداز نہیں رہنا چاہیے۔‘‘شاہ نے بتایا کہ کس طرح بوربورا، جس نے ریاست میں مارچ 1978 سے ستمبر 1979 تک جنتا پارٹی کی حکومت کی قیادت کی تھی، جب منگلدائی لوک سبھا سیٹ کے لیے ضمنی انتخابات کی ضرورت تھی تو ووٹر لسٹ کو صاف کرنے کی مہم چلائی تھی۔انہوں نے کہا’’الیکشن کمیشن اب ایس آئی آر کے ذریعے ووٹرز کی فہرست کو صاف کر رہا ہے، لیکن کچھ جماعتیں اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔ یہ آج کی سیاست میں اخلاقی گراوٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ ‘‘










