امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت عہدہ سنبھالنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو اتحادی ممالک سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد کے پیغام دیے جارہے ہیں۔
پاکستان:صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت عہدہ سنبھالنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد پیش کی۔ وزیراعظم اور صدر پاکستان نے بحیثیت صدر کامیابی کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بھارت:بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک مبارکباد دیتے ہوئے کہا ’میں ایک بار پھر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ دونوں ممالک کو فائدہ ہو اور دنیا کے لیے ایک بہتر مستقبل تشکیل دیا جا سکے‘۔
برطانیہ:برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدیوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تعاون اور پائیدار شراکت داری پر مبنی رہے ہیں۔
جرمنی:جرمن چانسلر اولاف شولز نے عہدہ سنبھالنے پر ٹرمپ کو مبارک باد دی، ان کا کہنا تھا کہ امریکا ہمارا قریب ترین اتحادی ہے اور ہماری پالیسی کا مقصد ہمیشہ اچھے ٹرانس اٹلانٹک تعلقات ہیں۔
اسرائیل:اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ٹرمپ کو امریکا کے47ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد دینے کے لیے ویڈیو بیان ریکارڈ کیا۔
یوکرین:یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے صدر ٹرمپ کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’باہمی تعاون‘ کے لیے انتظار کررہے ہیں، صدر ٹرمپ ہمیشہ فیصلہ کن ثابت ہوتے ہیں۔
کینیڈا:کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’مبارک ہو صدر ٹرمپ، کینیڈا اور امریکا کے درمیان دنیا کی کامیاب ترین اقتصادی شراکت داری ہے جب کہ ہمارے پاس ایک بار پھر مل کر کام کرنے کا موقع ہے تاکہ دونوں ممالک کے لیے مزید ملازمتیں اور خوشحالی پیدا کی جاسکے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت سے اپنی دوسری مدت کےلیے حلف اٹھا لیا، امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ کیپٹل ہل پہنچے۔ ان کے ہمراہ صدر جو بائیڈن بھی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے۔
امریکی صدر کی حلف برداری تقریب واشنگٹن کے یوس ایس کیپیٹل روٹونڈا میں ہوئی، تقریب میں 3 سابق صدور براک اوباما، جارج ڈبلیو بش اور بل کلنٹن بھی شرکت کے لیے پہنچے۔
تقریب میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے مالک ایلون مسک، میٹا کے مالک مارک زکر برگ، امیزون کے چیئرمین جیف بیزوس اور گوگل کے سربراہ سُندر پچائی بھی موجود تھے۔
حلف اٹھانے سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ چرچ کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی، ٹرمپ کے ساتھ چرچ میں نائب صدر جے ڈی وینس اور انکی اہلیہ اوشا وینس بھی شریک تھیں۔
دوسری دفعہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں سنہرے دور کا آج سے آغاز ہو گیا ہے، آج سے ہمارا ملک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، اور دنیا بھر میں دوبارہ اس کی عزت کی جائے گی۔










