kiran rijiju

کانگریس سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ہندوستان مخالف طاقتوں کے خلاف متحد ہونا چاہئے :کرن رججو

سرینگر// کانگریس سمیت تمام سیاسی جماعتوں پر ہندوستان مخالف طاقتوں کے خلاف متحد ہونے کی تاکید کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر کرن رججو نے کہا کہ اگر وہ اپنے لیڈروں کو ملک کے مفاد کے خلاف کام کرتے ہوئے پاتے ہیں تو اپنی آواز بلند کریں۔سی این آئی کے مطابق نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر کرن رججو نے کہا کہ جو کوئی بھی ہندوستان مخالف طاقتوں کے ساتھ کام کرتا ہوا پایا جائے، اس کا مقابلہ تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر کرنا چاہیے۔رججو نے کہا’’میں کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر ان کی اپنی پارٹی کے لیڈر بھی ہندوستان مخالف طاقتوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں، تو وہ ان کے خلاف آواز اٹھائیں‘‘۔وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے کانگریس کو مطلع کیا ہے کہ 13اور14 دسمبر کو لوک سبھا میں اور 16اور 17دسمبر کو راجیہ سبھا میں آئین پر بحث کی جائے گی۔خیال رہے کہ بی جے پی نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ سونیا گاندھی، فورم آف دی ڈیموکریٹک لیڈرز ان ایشیا پیسیفک فاؤنڈیشن کی شریک صدر کے طور پر، جارج سوروس فاؤنڈیشن کے ذریعے مالی اعانت فراہم کرنے والی تنظیم سے منسلک ہیں۔بی جے پی نے کہاتھا کہ فاؤنڈیشن نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے جو کشمیر کو ایک الگ ادارہ سمجھتے ہیں۔