پاک ۔ جرمن تعاون: خیبر پختونخوا میں تربیتی مراکز

برلن ؍ اسلام آباد : وفاقی جرمنی کے بینک برائے سرمایہ کاری و ترقی کے ایک وفد نے دو پاکستانی شہروں میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں سے متعلق دو تربیتی مراکز کے قیام کے بارے میں صوبہ خیبر پختونخوا کے حکام کے ساتھ پشاور میں مذاکرات کیے۔ جرمن بینک برائے تعمیر نو (KfW) وفاقی جمہوریہ جرمنی کا ایک ایسا ریاستی مالیاتی ادارہ ہے، جو سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں اور تعمیر نو کے لیے قرضے جاری کرتا ہے۔ اس بینک کے ایک وفد نے اپنے موجودہ دورہ پاکستان کے دوران صوبے خیبر پختونخوا میں ماحول دوست اور قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں کی ترویج کے لیے دو شہروں میں نوجوانوں کے لیے تربیتی مراکز کے قیام سے متعلق پشاور میں جمعرات 31 اکتوبر کے روز صوبائی حکام کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ جرمن انویسٹمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے وفد کی پشاور میں حکام کے ساتھ بات چیت کا مقصد جن دو تربیتی مراکز کے قیام کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا تھا، وہ مائیکرو یا بہت چھوٹے پیمانے پر شمسی توانائی اور آبی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں سے متعلق ہیں، جن میں سالانہ سینکڑوں پاکستانی نوجوانوں کو تربیت دی جا سکے گی۔ یہ تربیتی مراکز پشاور اور سوات میں خیبر پختونخوا کی صوبائی وزارت صنعت کے تعاون سے تعمیر کیے جائیں گے۔