اگر عمر عبداللہ کو حکمرانی میں کوئی مشکل پیش آتی ہے تو وہ مجھ سے مشورہ مانگ سکتے ہیں / اروند کیجرال
سرینگر// عام آدمی پارٹی کی جانب سے عمر عبد اللہ کو مکمل حمایت حاصل ہو گی کی بات کرتے ہوئے دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے کنوینر اورند کیجروال نے کہا کہ اگر عمر عبداللہ کو حکمرانی میں کوئی مشکل پیش آتی ہے تو وہ مجھ سے مشورہ مانگ سکتے ہیں کیونکہ میں نے دہلی میں کامیابی سے حکومت چلائی ہے، جو کہ ایک ’آدھی ریاست ‘بھی ہے۔ سی این آئی کے مطابق دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے کنوئنر اروند کیجروال نے جموں کے ڈوڈہ ضلع میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ انڈیا الائنس کے وزیر اعلی بننے جا رہے ہیں اور عام آدمی پارٹی انہیں مکمل حمایت دے گی۔ انہوں نے کہا ’’ عمر عبداللہ بہت جلد دو چار دنوں میں جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں جس کیلئے ہم انہیں مبارک باد دیتے ہیں‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی ترقی میں ہم ان کی مکمل حمایت کریں گے ۔ کیجروال نے کہا کہ دہلی اور جموں کشمیر میں سرکار کے پاس کم طاقت ہے کیونکہ دونوں مرکز کے زیر انتظام علاقے ہیں جہاں لیفٹنٹ گورنر کے پاس زیادہ طاقت رہتے ہیں ۔ کیجروال نے کہا کہ عمر عبداللہ انڈیا اتحاد کے وزیر اعلی بننے جا رہے ہیں اور ہماری پارٹی انہیں مکمل حمایت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کو دہلی کی طرح ’آدھی ریاست’‘‘میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ اگر عمر عبداللہ کو حکمرانی میں کوئی مشکل پیش آتی ہے تو وہ مجھ سے مشورہ مانگ سکتے ہیں کیونکہ میں نے دہلی میں کامیابی سے حکومت چلائی ہے، جو کہ ایک آدھی ریاست بھی ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ ضلع کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا جہاں سڑکیں اور دیگر ضروریات موجود نہیں ہے ۔ کیجروال نے کہا کہ ہم جموں کشمیر کی ترقی چاہتے ہیں اس کیلئے ہم نے ڈوڈہ سے اپنا امید وار کھڑا کیا تھا جس نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی گارنٹی دی ہے اور لوگوں نے اسے اس کیلئے چنا ہے ۔










