شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاںفضل الحسیب نے آج ضلع میں ان محکموں کے متعلقہ ضلعی افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کے کام کاج کا جائزہ لیا جاسکے۔اِس موقعہ پر اُنہوںنے مختلف فلیگ شپ سکیموں اور زراعت اور اس سے متعلقہ شعبوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد کی صورتحال اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اَفسران نے میٹنگ کو متعلقہ محکموں کے جاری سرگرمیوں اور اس میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے زراعت، باغبانی، اینمل ہسبنڈری، شیپ ہسبنڈری، ماہی پروری وغیرہ کی سیکٹر وار کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ کیمپوں کا اِنعقاد کرکے آمدنی پیدا کرنے والی مختلف سکیموں اور جدید کاری کے اقدامات کے بارے میں عوام میںزیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کریں۔اُنہوں نے کسانوں اورکنبوں کی فوری اور وقتی رجسٹریشن پر زور دیا تاکہ تمام سکیموں کو مکمل کیا جاسکے اور فارمنگ کمیونٹی کے لئے بنائے گئے فوائد اُن تک پہنچ سکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں رسائی کو بہتر بنائیں اور تمام سکیموں کے تحت مقررہ نتائج حاصل کریں تاکہ ترقی کے فوائد عوام تک پہنچ سکیں۔اُنہوں نے معیشت کو متنوع بنانے کے لئے نامیاتی، مربوط کاشتکاری کو فروغ دینے اور جانوروں، بھیڑوں اور مچھلیوں کی پرورش کو مقبول بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ اس طرح کی مداخلتوں سے کسانوں کی آمدنی میں اِضافہ کیا جائے۔میٹنگ میں چیف اینمل ہسبنڈری آفیسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز، ڈسٹرکٹ شیپ ہسبنڈری آفیسر، ائیریا مارکیٹنگ آفیسر اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔










