جے اینڈ کے طلباء کا آئی آئی ٹی کانپور کا دورہ

جموں//لیفٹنٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج جموں و کشمیر یو ٹی کے سرکاری اسکولوں سے سکینڈری اور سینئر سکینڈری کے 98 طلباء کے بیچ کے آئی آئی ٹی کانپور کے نمائشی دورے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ انہوں نے طلباء سے بات چیت کی اور 5 روزہ دورے کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا جس میں آئی آئی ٹی کانپور میں 3 دن کا قیام اور علاقائی سائنس سٹی لکھنوؤکا دورہ بھی شامل ہے ۔ یہ دورہ طلباء کو جدید ترین ٹیکنالوجیز جیسے روبوٹکس ، آئی ٹی میدان ، مصنوعی ذہانت وغیرہ اور آئی آئی ٹی کانپور کی طرف سے کی جانے والی تخلیق کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرے گا ۔ طلباء انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے میدان میں دستیاب کیرئیر کے مختلف مواقع بھی تلاش کر سکتے ہیں ۔ ایکسپوزر وزٹ کے تحت اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سماگرہ سکھشا جموں و کشمیر کی طرف سے آئی آئی ٹی کانپور کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے ہیں ۔ واپسی پر طلباء انڈیا گیٹ ، راشٹرپتی بھون ، لال قلعہ اور نئی دہلی کے دیگر تاریخی مقامات کا بھی دورہ کریں گے ۔ اس موقع پر سیکرٹری برائے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور سماگرہ سکھشا کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔