کسی کو لیگ کھیلنے سے نہیں روکیں گے لیکن پاکستان ٹیم اولین ترجیح ہونی چاہیے، حفیظ

پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کو انٹرنیشنل لیگ کھیلنے سے نہیں روکا جائے گا لیکن کھلاڑی کے لیے اولین ترجیح لیگز کے بجائے پاکستان کے لیے کھیلنا ہونا چاہیے، ہم پاکستان کی نمائندگی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کو اولین ترجیح دیں گے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ بطور کوچنگ اور مینجمنٹ اسٹاف اور حتیٰ کہ سلیکٹر کا انتخاب بھی ذکا اشرف صاحب نے اچھی سوچ کے ساتھ کیا ہے کیونکہ یہ مینجمنٹ وہ نوجوان باصلاحیت کرکٹرز ہیں جنہوں نے ماضی قریب میں پاکستان کے لیے بہت شاندار پرفارمنس دی ہیں اور اب ان کو ایک نئی سوچ کے ساتھ نیا کردار دیا جا رہا ہے تاکہ جدید دور کی کرکٹ کے حساب سے سارا عمل انجام دیا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ بات ماننی پڑے گی کہ ہم جدید دور کی کرکٹ سے پیچھے رہ گئے ہیں اور ہمارے نتائج صحیح نہیں آئے کیونکہ ہم منصوبہ بندی کے حساب سے پیچھے رہ گئے اور اب اس بات کو تسلیم کیا جا رہا ہے کیونکہ جب تک آپ اپنی ناکامیوں کو تسلیم کر کے درست حکمت عملی نہ بنائیں، آپ کامیاب نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سپورٹنگ اسٹاف نے بالکل صحیح مائنڈ سیٹ کے ساتھ اپنی تیاری کی ہے اور سلیکشن بہت اچھی ہوئی ہے، ڈومیسٹک میں پرفارمنس دکھانے والے کو عزت دی گئی ہے اور ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو لے کر آئے، ہم سب کو لے کر نہیں آسکتے، ہر ایک کا ایک وقت ہے۔سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ ہماری ٹیسٹ ٹیم سیٹ ہے، کھلاڑیوں نے بیٹنگ میں بہت اچھا پرفارم کیا ہوا ہے، باؤلنگ میں ہمیں تھوڑی مشکلات آئیں لیکن اس کے باوجود ہمیں جو بہترین باؤلرز لگے ہم نے انہیں منتخب کیا ہے، جب حقدار کو حق دیتے ہیں تو بہتر نتائج آتے ہیں، جن کھلاڑیوں کو ابھی موقع نہیں ملا انہیں مستقبل میں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں سابق کرکٹر نے کہا کہ ہمارے دماغ میں بالکل یہ سوچ نہیں ہے کہ ہم آسٹریلیا صرف میچ کھیلنے جا رہے ہیں، ہم وہاں پر ایک بہترین پرفارمنس دینے اور جیتنے کے لیے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ ہمارے دماغ میں نہ کوئی دوسری سوچ پہلے تھی اور نہ آگے نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کپتان بننے کے بعد اضافی دباؤ آتا ہے لیکن اب قیادت کے دباؤ سے آزاد ہونے کے بعد مجھے امید ہے کہ بابر کا کھیل بہت زیادہ نکھرے گا اور وہ پاکستان کے لیے دی جانے والی خدمات کو مزید بہتر بنائیں گے تاکہ پاکستانی ٹیم زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرے اور اس میں ان کا نمایاں کردار ہو۔