اگلے 24 تک موسم مجموعی طور پر خشک جبکہ 26نومبر تک کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں / محکمہ موسمیات
سرینگر // وادی میں شدید سردی کی لہر جاری رہنے کے بیچ کشمیر میں درجہ حرارت کافی نیچا چلا گیا جبکہ سرینگر میں ایک مرتبہ پھر منفی 1ڈگری کے ساتھ سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ۔مشہو ر سیاحتی مرکز پہلگام سب سے سرد ترین مقام رہے جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی 3.3ڈگری درج کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پہلے ہی آئندہ کچھ دنوں تک موسم مجموعی طو ر پر خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ اسی دورا ن شدید سردی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق رواں ماہ کے ابتدائی دنوں سے وادی میں شدت کی سردی جاری ہے ۔ شہر سرینگر اور دیگر قصبہ جات میں موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ نکلی تھی تاہم بعد میں موسمی صورتحال مسلسل دگر گوں ہوئی اور شبانہ درجہ حررات میں کافی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں ایک مرتبہ پھر سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس دوران شبانہ درجہ حرارت منفی 1ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سرینگر میں رات کا درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ شب 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔اسی طرح سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کے دیگر حصوں خاص طو پر مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی طرح سے شہرہ آفاق گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 24 سے 26 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے اوراس کے بعد 27 سے 30 نومبر تک موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے ۔










