ضلع ڈوڈہ میں ٹرانسپورٹ کی سہولیت کو بہتر بنانے کیلئے 3نئی جے کے آر ٹی سی بسیں متعارف کی گئیں

ڈوڈہ//ضلع اِنتظامیہ ڈوڈہ سڑکوں کو بہتر بنانے، بہتر ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات کی فراہمی، عوام کو روڈ سیفٹی اَقدامات اور ٹریفک قوانین کے بارے میںآگاہ کرنے اور مسافروں کی حفاظت کے لئے قوانین پر عمل درآمد کے لئے ٹریفک چیکنگ کرنے کے لئے ہر قدم اُٹھا رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے اِن کوششوں کو آگے بڑھانے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر ہرویندر سنگھ کی نگرانی میں ڈوڈہ۔جموں ہائی وے، ڈوڈہ۔بٹوت اور ڈوڈہ۔مارمت روڈ کے لئے جموں کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (جے کے آر ٹی سی) کی تین نئی بسیں متعارف کی گئیں۔پُل ڈوڈہ۔بٹوت روٹ کے لئے 32 سیٹوں والی بس کوضلع ترقیاتی کمشنر ہرویندر سنگھ اور ایس ایس پی عبدالقیوم نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جبکہ ڈوڈہ سے جموں کے لئے ایک اور 32 سیٹوں والی بس کو صدر میونسپل کونسل ڈوڈہ وید پرکاش گپتا نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔جے کے آر ٹی سی بسوں کے پہلے سے موجود بیڑے میں نئی بسوں کے آغاز سے مسافروں کے لئے ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات میں اضافہ ہوگا۔ اِس اَقدام کا مقصد ضلع کے رہائشیوں اورسیاحوںکو سفر کے بہتر اور محفوظ ذرائع فراہم کرنا ہے۔ تین نئی متعارف کی جانے والی بسیں ٹرانسپورٹیشن کے نیٹ ورک میں نمایاں بہتری لائی گی اور مسافروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کریں گی۔ضلعی اِنتظامیہ اور جے کے آر ٹی سی عوام کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اَپنی خدمات کو مسلسل بہتر بنانے اوروسعت دینے کے لئے پُرعزم ہیں۔ یہ نئی شروع کی گئی بسیں رابطے، بھروسے اور مسافروں کے اطمینان کو بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔