DC Kupwara reviews progress of æPM Vishwakarma Scheme in the district

ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے پی ایم وشوکرما سکیم کی پیش رفت کا جائزہ لیا

کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان نے متعلقہ افسران کی میٹنگ طلب کی تاکہ پی ایم وشوکرما سکیم کی عمل آوری کاجائزہ لیا جاسکے۔اے ڈی سی کپواڑہ غلام نبی بٹ نے سکیم کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا اور کمیٹی کے ارکان کو سکیم کے مقاصد اور ضلع میں سکیم کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے پی ایم وشوکرماسکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پی ایم وشوکرما روایتی کاریگروں، دستکاروں کی زندگی کو بہتر بنانے کی سمیت میں ایک اہم قدم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پہل کاریگروں اور مزدوروں کو بااِختیار بنانے اور مدد فراہم کرنے کے لئے تیار کی گئی ہے، جنہیں عام طور پر وشوکرما کہا جاتا ہے جو معیشت کے غیر رسمی یا غیر منظم شعبے کا ایک اہم حصہ ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ ہینڈی کرافٹ کو 1,500 کاریگروں کی رجسٹریشن اور محکمہ لیبر کو 2,000 مزدوروں کی رجسٹریشن کا ہدف دیا۔ڈسٹرکٹ منیجر سی ایس سی کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام مستفیدین کو بورڈ پر لے کر ان کی بنیادی معلومات حاصل کریں اور اگلے بدھ تک ان کا رجسٹریشن مکمل کریں۔جی ایم ڈی آئی سی کو ہدایت دی گئی کہ وہ ضلع کے اہم قصبوں میں آئی ای سی مہم چلائیں اور اس سکیم کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ریسورس پرسنوں کی تعیناتی کریں۔اے سی پی کپوارہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ پیر کی پہلی گرام سبھا میٹنگ میں پی ایم وشوکرما کو ایجنڈا پوائنٹ بنائیں تاکہ لوگوں کو اس سکیم کے بارے میں بیداری فراہم کی جاسکے اور پنچایت سطح پر کاریگروں کی شناخت کی جاسکے۔بی ایل ایزسے کہا گیا کہ وہ گرام سبھا میں شرکت کریں اور اہل استفادہ کنندگان کا اندراج کریں۔اس سکیم کا مقصد مقامی کاریگروں کو 18 تجارتوں میں فروغ دینا اور ان کی مدد کرنے پر مرکوز ہے جن میں لوہار، سنار، کمہار، بڑھئی، مجسمہ ساز، حجام، درزی، مستری، دھوبی وغیرہ شامل ہیںجس سے وہ سکیم کے تحت تمام فوائد حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ اس سکیم کا مقصد ان کاریگروں کی مہارتوں کو نکھارنے کے لئے ہنر کی اَپ گریڈیشن فراہم کرنا اور انہیں متعلقہ اور مناسب تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔میٹنگ میں اے ڈی سی کپواڑہ، اے سی پی کپواڑہ، جی ایم ڈی آئی سی، ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر کپواڑہ، اے ڈی ہینڈی کرافٹس، ڈسٹرکٹ منیجر سی ایس سی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔