وی سی کے وی آئی بی نے جموں ڈویژن کی کارکردگی کیلئے منعقدہ جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی جے کے آر ای جی پی اور پی ایم ای جی پی اسکیموں کے اغراض و مقاصد کو پھیلانے میں فیلڈ افسران کی فعال شمولیت پر زور

جموں//کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ ( کے وی آئی بی ) کی وائس چئیر پرسن ( وی سی ) ڈاکٹر حنا شفیع بھٹ نے ادھیوگ بھون میں جموں ڈویژن کی کارکردگی کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں سیکرٹری /سی ای او جے اینڈ کے کے وی آئی بی اور بورڈ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران یہ انکشاف کیا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران مارجن منی 86.16 کروڑ روپے کے بینک قرض پر مشتمل ہے ۔ 3914 یونٹس کے قیام کیلئے 286 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ۔ اس مدت کے دوران 31312 افراد کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کئے گئے اور رواں مالی سال کے اختتام تک ایک لاکھ سے زائد افراد کیلئے روز گار کے مواقع کا مزید تصور کیا گیا ۔ وائس چئیر پرسن نے جے کے آر ای جی پی اور پی ایم ای جی پی اسکیموں کے اغراض و مقاصد کو سماج کے تمام طبقات میں پھیلانے میں فیلڈ افسران کی فعال شمولیت کی ضرورت پر زور دیا ۔ ڈاکٹر حنا نے ضلعی افسران کو مشورہ دیا کہ وہ بینک کی سطح پر کیسز کی پیروی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بینک مسترد ہونے کے واقعات کو کم سے کم کیا جائے ۔ انہوں نے ضلعی افسران کو مشورہ دیا کہ وہ بینکوں اور متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کریں تا کہ نوجوانوں اور خواہشمندوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ بعد ازاں وائس چئیر پرسن نے سی ای او جے اینڈ کے کے وی آئی بی کے ساتھ جموں ضلع کے شہری علاقوں میں قائم کچھ یونٹوں کا دورہ کیا ۔ افسران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے ترجیحی شعبے کے تحت معیاری کفالت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ وقت کے ساتھ ساتھ کامیابی کی کہانیاں تخلیق کی جا سکیں ۔