نئی دہلی : دہلی پولیس نے آئمہ کو فلسطین کیلئے دعا کرنے سے منع کردیا ہے۔ ایک معروف اردو اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پولیس نے اماموں کیلئے انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں معمول کی دعاؤں یا خطبات کے دوران غزہ میں اسرائیلی فورسیس کی جارحیت کی ملامت کرتے ہوئے یا فلسطین کا تذکرہ کرتے ہوئے دعا مانگنے سے گریز کرنے کیلئے کہا ہے۔ پولیس نے 14 نومبر کو جاری کردہ نوٹس میں کہا کہ اگر اس ہدایت کی تعمیل نہیں کی جاتی ہے تو وہ مذہبی رہنماؤں کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اخبار نے کہا کہ دہلی پولیس کے عہدیدار پرانی دہلی کی ایک مسجد پہنچے اور امام سے یہ کہا کہ اپنی دعا یا تقریر میں فلسطین یا اسرائیل کسی کا بھی تذکرہ نہ کرے۔ وی ایچ پی ایم پی دانش علی نے انڈین مسلم پرسنل لا بورڈ اور ویلفیر پارٹی آف انڈیا کے نمائندوں کے ساتھ دہلی پولیس کی حرکت کی سخت مخالفت کی ہے۔










