ایشیا کپ 2023کا شیڈول جاری، 2ستمبر کو پاک-بھارت ٹاکرا ہوگا

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے چئیرمین ذکا اشرف نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا، جس کے 4 میچز پاکستان میں ہوں گے جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 2 ستمبر کو کینڈی میں ہوگا۔
لاہور میں ایشیا کپ 2023کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی جہاں قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ اور پنجاب کی نگران حکومت کے مشیر کھیل اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض سمیت دیگر نے شرکت کی اور پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ ساتھ پریس کانفرنس میں ایونٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان 30 اگست کو ملتان میں کھیلا جائےگا۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے والے ٹورنامنٹ کے 4 میچوں کی میزبانی پاکستان کرے گا جن میں ایک میچ سپر فور مرحلے کا بھی شامل ہے۔
پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ 3 میچ لاہور اور ایک میچ ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ سری لنکا دیگر 9 میچوں کی میزبانی کرے گا، کینڈی میں 3 اور کولمبو میں 6 میچ کھیلے جائیں گے۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کا میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد سپر فور مرحلے تک رسائی کی صورت میں ایک مرتبہ پھر دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، اس صورت میں پاکستان اور بھارت 10 ستمبر کو کولمبو میں دوبارہ مدمقابل ہوں گے۔
شیڈول
ایشیا کپ کے لیے 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کردیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔