قومی کھیل دن پرمنعقد کی جانی والی تقریبات بھی شامل
سرینگر//یواین ایس / جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل نے قومی کھیل دن کے موقع پر تین ماہ پر مشتمل کھیلوں کا کیلنڈر اور چار روزہ تقریبات کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر بھر میں مختلف کھیلوں کے مقابلے اور باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیر برائے کھیل ستیش شرما نے پروگرام کی قیادت کی۔ اس موقع پر یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے کمشنر سیکرٹری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری اور جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کی سیکرٹری نزہت گل بھی موجود تھیں۔تقریب کے دوران کشمیر سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن، کے ایس ایل 2.0، کی جرسی اور ٹرافی کی بھی نقاب کشائی کی گئی۔ وزیر کھیل نے لیگ سے وابستہ فرنچائز مالکان سے ملاقات کی اور کہا کہ اس طرح کی لیگوں کو نوجوان فٹبال کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔اس موقع پر سرینگر کے ٹی آر سی میں واقع سنتھیٹک ٹرف فٹبال گراؤنڈ میں جے کے ہیروز اور جے کے اسٹارز کے درمیان ایک نمائشی فٹبال میچ بھی کھیلا گیا، جسے فٹبال شائقین نے بڑی دلچسپی سے دیکھا۔قومی کھیل دن کی تقریبات کے سلسلے میں اسپورٹس کونسل نے جموں و کشمیر بھر سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت کے لیے جونیئر لڑکیوں کے فٹبال کے یو ٹی سطح کے ٹرائلز بھی منعقد کیے۔ منتخب ہونے والی کھلاڑیوں کو مستقبل میں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اسپورٹس کونسل نے ہاکی کے عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند کے نام سے دھیان چند ہاکی کپ منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ چار روزہ یہ ٹورنامنٹ قومی کھیل دن کی تقریبات کے تحت 28 اگست سے شروع ہوگا۔تقریبات کے دوران قومی اور بین الاقوامی سطح کے جمناسٹوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔کھیلوں کی ان سرگرمیوں کو اسپورٹس کونسل کی نشہ مکت مہم سے بھی جوڑا گیا ہے۔ وزیر کھیل ستیش شرما نے فٹبال شائقین اور ہاکی کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، اعتماد اور مثبت سوچ پیدا کرتے ہیں اور انہیں منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اسپورٹس کونسل کے جاری کردہ تین ماہ کے کھیلوں کے کیلنڈر کے تحت قومی کھیل دن کی تقریبات کے بعد بھی مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ جموں و کشمیر کے مختلف مراکز پر متعدد کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے تاکہ خاص طور پر نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مقابلوں میں حصہ لینے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔










