صوبائی کمشنر کشمیر کی جامع انتظامات، سکیورٹی اور باہمی تال میل کی ہدایت
سرینگر// یو این ایس / ڈویژنل کمشنر کشمیر انشل گرگ نے جموں و کشمیر کے پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹیول کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تقریب کے کامیاب اور پْرامن انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں، سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور مختلف محکموں کے درمیان قریبی تال میل برقرار رکھا جائے۔شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویڑنل کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں سے کہا کہ انہیں سونپی گئی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دی جائیں اور تیاریوں میں کسی بھی قسم کی کمی یا خلا باقی نہ رہے۔انہوں نے نامزد نوڈل افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ مقامات پر موجود رہیں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کو یقینی بنائیں۔انشل گرگ نے ایس کے آئی سی سی اور آئی این اوکس میں مقامات کے جامع انتظام، پروگراموں کی مناسب ترتیب اور ہجوم کو منظم کرنے کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے رات کے فلمی شوز، فلوٹنگ سنیما، گالا ڈنر اور دیگر مجوزہ سرگرمیوں کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ فلم فیسٹیول کے دوران 40 ممالک کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی، جس سے اس فیسٹیول کی بین الاقوامی نوعیت اور اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ڈویڑنل کمشنر نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ فیسٹیول کے دوران جموں و کشمیر کی سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بروشرز اور آڈیو ویڑول مواد کو حتمی شکل دی جائے۔ محکمہ دستکاری و ہینڈلوم سے کہا گیا کہ وہ مہمانوں اور شرکا کے لیے اسٹالوں، دستکاری کے نمونوں اور کاریگروں سے متعلق معلوماتی مواد تیار کرے۔محکمہ اعلیٰ تعلیم کو ہدایت دی گئی کہ شرکت کرنے والے طلبہ کے اندراج کے لیے خصوصی رجسٹریشن ڈیسک قائم کیے جائیں، جبکہ آر ٹی او کشمیر کو ہدایت دی گئی کہ کرائے پر حاصل کیے گئے ڈرائیوروں کو فیسٹیول کے پروگرام، سیاحتی مقامات اور ٹور پیکیجز کے ساتھ ساتھ طے شدہ پروگراموں میں بروقت شرکت کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔ڈویڑنل کمشنر نے مؤثر مائیکرو ٹریفک مینجمنٹ اور مضبوط سکیورٹی انتظامات پر بھی زور دیا، تاہم اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ مہمانوں، شرکا، فلم سازوں اور عام لوگوں کو کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے۔متعلقہ اداروں کو ہوائی اڈے پر بھی جامع انتظامات کرنے اور ایس کے آئی سی سی کے بیک لان اور آئی این اوکس کے احاطے میں سیلفی پوائنٹس قائم کرنے کی ہدایت دی گئی۔محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے لیے ڈائریکٹر اطلاعات کو تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان قریبی تال میل یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی، جبکہ جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات کشمیر کو ایس کے آئی سی سی میں واحد نوڈل افسر کی حیثیت سے موجود رہنے اور رابطہ و مواصلات کو مربوط کرنے کے لیے نامزد کیا گیا۔انشل گرگ نے حکام کو فیسٹیول سے قبل مکمل ڈرائی رن کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ ممکنہ خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں بروقت دور کیا جاسکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر اور بلاتعطل رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سری نگر، ڈائریکٹر اطلاعات، مختلف محکموں کے سربراہان اور نامزد نوڈل افسران نے شرکت کی۔بعد ازاں ڈویڑنل کمشنر نے ڈپٹی کمشنر سری نگر، وائس چیئرمین ایل سی ایم اے، ڈائریکٹر اطلاعات اور دیگر افسران کے ہمراہ موٹر بوٹ کے ذریعے ڈل جھیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈل جھیل میں جاری صفائی کے کام کا جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد جھیل کی خوبصورتی کو بہتر بنانا اور یہاں آنے والے فلم سازوں کے لیے اس کی کشش میں اضافہ کرنا ہے۔










