drug

منشیات کی آمدنی سے حاصل کردہ مکان پولیس نے منسلک کردیا

شوپیاں میں 16.77 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد کے خلاف کارروائی

سرینگر//یو این ایس / جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل مبینہ آمدنی سے خریدے گئے 16.77 لاکھ روپے مالیت کے ایک رہائشی مکان کو شوپیاں ضلع میں منسلک کردیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ جائیداد ہلال احمد ڈار ولد غلام احمد ڈار ساکن وہیل، شوپیاں کی ملکیت ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ کارروائی پولیس اسٹیشن شوپیاں میں درج ایف آئی آر نمبر 80/2024 کے سلسلے میں انجام دی گئی۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران اس رہائشی جائیداد کے بارے میں یہ بات سامنے آئی کہ اسے منشیات اور نشہ آور اشیا کی غیر قانونی تجارت سے حاصل ہونے والی مبینہ آمدنی سے حاصل کیا گیا تھا۔ اسی بنیاد پر قانونی ضابطے کے تحت جائیداد کو منسلک کرنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔پولیس نے بتایا کہ جائیداد منسلک کرنے کی کارروائی پولیس ٹیم، ایگزیکٹو مجسٹریٹ، لمبردار اور چوکیدار کی موجودگی میں انجام دی گئی اور اس دوران تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔جموں و کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت صرف منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف ہی کارروائی نہیں کی جا رہی بلکہ منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں سے مبینہ طور پر حاصل کیے گئے اثاثوں کو بھی قانون کے دائرے میں لایا جا رہا ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ، فروخت اور دیگر نشہ آور سرگرمیوں سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کریں تاکہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر کارروائی کی جا سکے۔