manoj sinha

لفٹینٹ گورنر نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے فاؤنڈیشن ڈے اور

شری ماتا ویشنو دیوی گروکل کے سالانہ دن کی تقریبات سے خطاب کیا

سرینگر//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے فاؤنڈیشن ڈے کی تقریبات اور شری ماتا ویشنو دیوی گروکل کے سالانہ دن سے خطاب کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے شرائین بورڈ کی جانب سے بھکتوں کی سہولت ، حفاظت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں لگن ، نظم و ضبط اور خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتی ہیں جو سناتن ثقافت کے اندرونی اوصاف ہیں ۔ گروکل کے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے سیکھنے میں تجسس کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا ’’ تجسس علم کا پہلا چراغ ہے ۔ ہماری روایت میں سوال پوچھنا کبھی کمزوری نہیں سمجھا گیا ۔ اساتذہ کو طلباء کو صرف علم ہی نہیں بلکہ اقدار اور سنسکار بھی سکھانے چاہئیں ۔ ‘‘ قدرت اور سائینس کے توازن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ سائینس ہمیں رفتار دیتی ہے جبکہ اقدار ہمیں سمت دیتے ہیں اور رفتار و سمت کے درمیان توازن ہی حقیقی ترقی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ مصنوعی ذہانت اور روحانیت کا سفر ایک ساتھ آگے بڑھنا چاہئیے ۔ ہمارا مقصد اقدار کے ذریعے اپنی جڑوں کو مضبوط کرنا اور سائینس کے ذریعے طلبہ کو نئی سمت دینی ہونا چاہئیے ۔ مجھے خوشی ہے کہ گروکل نے جدید مضامین خاص طور پر سائنس اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی کو اپنے تعلیمی نظام کا حصہ بنایا ہے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے گروکل اور شرائین بورڈ سے کہا کہ ماحولیاتی شعور کو زندگی کا طریقہ کار بنائیں ۔ انہوں نے پانی کے تحفظ ، توانائی کے تحفظ ، درخت لگانے اور صفائی ستھرائی کے اقدامات کی اپیل کی تا کہ یہ ادارے پائیدار ترقی کی زندہ مثالیں بن سکیں ۔ انہوں نے کہا ’’ مجھے مکمل اعتماد ہے کہ شری ماتا ویشنو دیوی گروکل آنے والے برسوں میں تعلیم کا ایک ایسا مرکز بن کر ابھرے گا جہاں روایت اور جدیدیت ایک دوسرے کو مالا مال کریں گی اور جہاں طلبہ باشعور ، حساس اور نیک کردار کے شہری بنیں گے ۔ علم تبھی مکمل ہوتا ہے جب اس کے ساتھ رحم دلی ، عاجزی اور انسانیت کیلئے ذمہ داری کا احساس شامل ہو ۔
ماتا ویشنو دیوی ہم سب کو طاقت ، دانائی اور خدمت کے جذبے سے نوازیں اور ہندوستان کو علم ، رحم دلی اور ترقی کے راستے پر آگے بڑھتے رہنے کی برکت عطا فرمائیں ۔ ‘‘ اس تقریب میں ممبران شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ مہامنڈلیشور شری سوامی وشویشور انند گیری جی مہاراج ، ڈاکٹر اشوک بھان ، شری لالیت بھسین اور شری سریش کمار شرما ، ممبر گورننگ کونسل ایس ایم وی ڈی گروکل پدم شری پروفیسر وشوا مورتی شاستری ، سی ای او ایس ایم وی ڈی ایس بی شری سچن کمار ویشیہ ، ایڈیشنل سی ای او ایس ایم وی ڈی ایس بی مسٹر الوک کمار موریا ، ایس ایم وی ڈی ایس بی کے سینئر افسران اور عملہ ، ایس ایم وی ڈی گروکل کے فیکلٹی ممبران ، والدین اور طلباء نے شرکت کی ۔