بجالٹہ جموں میں3کمسن بھائی بہن ریلوے پُل سے گرگئے

11سالہ بچی لقمہ اجل،متوفی کی چھوٹی بہن اوربھائی شدیدزخمی

جموں//جموں شہر کے بجالٹہ علاقے میں بدھ کی صبح اُسوقت صف ماتم بچھ گئی ،جب یہاں اسکول جارہے تین کمسن بھائی بہن راستے میںایک ریلوے پُل کوعبور کرنے کے دوران گر گئے ،جسکے نتیجے میں ایک11سالہ بچی کی موت واقعہ ہوئی جبکہ متوفی بچی کی چھوٹی بہن اوربھائی شدیدزخمی ہوگئے ،جن کواسپتال منتقل کیاگیا۔ جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق جموں ضلع کے بجالٹہ علاقے میں بدھ کی صبح ایک ہی کنبہ کے 3کمسن بھائی بہن اسکول جارہے تھے کہ راستے میں ایک ریلوے ٹریک پُل کوپار کرنے کے دوران تینوں بچے ایک نالے میں گر گئے ،جسکے نتیجے میں تینوں کمسن اسکولی بچے زخمی ہوگئے ۔موقعہ پر موجود کچھ لوگوںنے فوری بچائو کارروائی عمل میں لائی تاہم تب تک ایک گیارہ سالہ بچی ہادیہ فاطمہ دم توڑ چکی تھی ۔معلوم ہواکہ دیگر 2زخمی بچوں میں متوفی بچی کی چھوٹی بہن اوربھائی بھی شامل ہے ۔لوگوںنے اس حادثے میں زخمی ہونے والی6سالہ عالیہ فاطمہ اور12سالہ محی الدین کوگورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال جموں منتقل کیا،جہاں یہ دونوں کمسن بھائی بہن زیرعلاج ہیں ۔حکام نے اس المناک حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ہوسکتا ہے کہ ٹریک پرٹرین کوآتے دیکھ کر بچوںنے گھبراہٹ میں ریلوے پُل سے چھلانگ لگادی ۔انہوںنے بتایاکہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔