ڈرون سے منشیات و ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کو گرانے کے واقعات میں کمی

ہم سرحد پار سے دراندازی کی اجازت نہیں دیں گے:آئی جی بی ایس ایف ڈی کے بورا

جموں //بارڈر سیکورٹی فورس نے منگل کوکہاکہ اس نے سرحد پار سے دراندازی کو ناکام بنانے کیلئے جموں میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ اپنی سرمائی حکمت عملی وضع کی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق بارڈر سیکورٹی فورس کے انسپکٹر جنرل ڈی کے بورا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ڈرون سے ہتھیاروں، دھماکہ خیز مواد کو گرانے کے واقعات کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ تین چار ماہ میں پاکستان سے منشیات کی آمد میں کمی آئی ہے۔بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل ڈی کے بورا نے بتایا کہ جموں کی سرحد پر آئی بی کے ساتھ پاکستان سے ڈرون گرانے کے واقعات کی تعداد میں کافی کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں میڈیا کو یہ بتانے کے قابل نہیں ہوں گا کہ اس سلسلے میں کیا اقدامات کئے گئے ہیں لیکن اس طرح کے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔آئی جی بی ایس ایف نے زور دے کر کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے بارڈر سیکورٹی فورس اس لعنت کو ختم کر دے گی۔انہوں نے کہاکہ بی ایس ایف سرحد پر چوکس ہے، اس میں ملوث افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا دہشت گرد اب لائن آف کنٹرول پر برف باری کے پیش نظر آئی بی کے ذریعے دراندازی پر توجہ مرکوز کریں گے۔ڈی کے بورا نے کہاکہ یہ ایک سالانہ معاملہ ہے۔ جب برف باری کی وجہ سے گزرگاہیں بند ہو جاتی ہیں تو توجہ بین الاقوامی سرحد کی طرف جاتی ہے۔ ہم اس کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف موسم سرما کے دوران دھند کی وجہ سے پیدا ہونے والے چیلنج کیلئے بھی تیار ہے۔آئی جی بی ایس ایف نے کہاکہ جس طرح سے سرحد پرسیکورٹی اور نگرانی کے آلات کے ساتھ افرادی قوت تیار کی گئی ہے ، ہمیں یقین ہے کہ ہم سرحد پار سے دراندازی کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرنگ مخالف مشق جاری ہے اور فورس کے پاس ایسے آلات ہیں جو اسے سرنگوں یا سرنگیں کھودنے کی کسی بھی کوشش کا پتہ لگانے میں مدد کریں گے۔ بارڈر سیکورٹی فورس کے انسپکٹر جنرل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سرحد پر طویل عرصے سے امن قائم ہے۔انہوںنے کہاکہ ایک طویل عرصے سے، سرحد (جموں میں) پر امن رہا ہے۔ کسی ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔بی ایس ایف کے آئی جی نے یہ بھی کہا کہ فورس کو پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کا مکمل تعاون حاصل ہے۔