جموں//ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ آر کے گوئل نے آج آرمڈ فورسز فلیگ ڈے کی آئندہ تقریبات کی تیاریوں اور سابق فوجیوں ، بیوائوں او ران کے زیر کفالت اَفراد کی فلاح و بہبود کے لئے اُٹھائے جانے والے دیگر اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔دورانِ میٹنگ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ اِس نیک مقصد کے لئے آگے آئیں او رفنڈ کے لئے رکھے گئے نئے اہداف کو حاصل کرنے میں مثالی لگن کا مظاہرہ کریں۔اُنہوں نے آرمڈ فورسز فلیگ ڈے کی اہمیت کے بارے میں شہریوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے سینک ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ جموںوکشمیر کے ساتھ مل کر ایک مسلسل مہم چلانے پر زور دیا۔آر کے گوئل نے کہا کہ فنڈ میں یہ تعاون آرمڈ فورسز کی طرف سے قوم کے تئیں کی گئی خدمات کا اعتراف ہے۔اُنہوں نے اِس بات پر روشنی ڈالی کہ فوجی ہماری سرزمین پر اَمن و سکون کو یقینی بناتے ہیں جو ہماری قوم کی ترقی اور معاشی بہبود کے لئے اہم ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی کوشش ہونی چاہیے کہ وہ فراخدلی سے اَپنا حصہ اَدا کریں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تمام محکموں سے کہا کہ وہ مختلف الیکٹرانک پرنٹ او رمواصلات کے دیگر ذرائع سے آرمڈ فورسز فلیگ ڈے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے مسلسل مہم چلائیں۔ڈائریکٹر سینک ویلفیئر نے کہا کہ ہر برس 7 ؍ دسمبر کو آرمڈ فورسز فلیگ ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے جو شہریوں کو یہ موقعہ فراہم کرتا ہے کہ وہ اے ایف ایف ڈی فنڈ کے لئے آزادانہ طور پر عطیہ دے کر آرمڈ فورسز کے تئیں اِظہار تشکر کریں۔اُنہوں نے بیوائوں ، سابق فوجیوں او ران کے زیر کفالت اَفراد کی بحالی اور بہبود کے لئے فنڈ سے شروع کی گئی مختلف فلاحی سرگرمیوں کا خاکہ پیش کیا۔اُنہوں نے ماضی میں محکموں کے تعاون پر شکریہ اَدا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی بھرپور تعاون کی تلقین کی۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ، سیکرٹری جی اے ڈی ڈاکٹر پیوش سنگلا، ڈائریکٹر سینک ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بریگیڈیئر ( ریٹائرڈ) گرمیت سنگھ شان ،ڈی جی اکائونٹس اینڈ ٹریجریری مہیش داس ، سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن کانتا رکوال ، اے آئی جی(پی اِی آر ایس) پی ایچ کیو منو ج پنڈتا ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ راکیش کمار ،، ڈپٹی ڈائریکٹر اَربن لوکل باڈیز جموں اور دیگر متعلقہ اَفراد نے شرکت کی۔










