40سالہ خاتون لقمہ اجل ،2نوعمر بیٹے زخمی ، دراگ تلیہ اوڑی میں سڑک کی حفاظی دیوار گر گئی ،مکان کوخطرہ لاحق
بھدرواہ ،بارہمولہ//حالیہ موسلا دار بارشوں اور برف باری کے بعد ڈھلوان والے علاقوںمیں مٹی کے تودے گرآنے ،زمین کھسکنے اور حفاظتی دیواریں گرنے کے واقعات پیش آنے لگے ہیں ۔صوبہ جموںکے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ قصبہ کے ایک مضافاتی گائوںمیں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔ادھر سرحدی علاقہ اوڑی کے دراگ تلیہ گائوں میں سڑک کی ایک حفاظتی دیوار گرنے کی وجہ سے ایک رہائشی مکان کوخطرہ لاحق ہوگیاہے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ قصبہ کے سرتینگل پنچایت حلقے کے بٹلا گاؤں میں منگل کی صبح مٹی کے تودے گرنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ اس واقعے میں متوفی خاتون کے2 کمسن بیٹے معمولی زخمی ہوئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاہے کہ مٹی کا تودہ ایک خانہ بدوش وید کمار کے کچے مکان سے ٹکرا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مالک مکان کی بیوی 40سالہ کرنا دیوی کے علاوہ اس کے2بیٹے14سالہ مشل سنگھ اور 10سالہ نکسن جریال کچے مکان کے اندر پھنس گئے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ فوری ریسکیو آپریشن کے بعد تینوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کرنا دیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔سیول اور پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی۔اس دوران ضلع بارہمولہ کے سرحدی علاقہ اوڑی کے دراگ تلیہ گائوں میں سڑک کی ایک حفاظتی دیوار گرنے کی وجہ سے ایک رہائشی مکان کوخطرہ لاحق ہوگیاہے۔معلوم ہواکہ حالیہ موسلا دار بارشوںکے بعد دراگوتلیہ اوڑی میں سڑک کی حفاظتی دیوار پیر کو رات دیر گئے گرکر تباہ ہوگئی۔دیوار کاساراملبہ یعنی بڑے پتھر سڑک کنارے پرواقع عبدالرزاق ولد محمدالیاس نامی شہر ی کے رہائشی مکان کی دہلیز تک پہنچ گئے ،جسکے نتیجے میں مذکورہ شہری کاگھر خطرے میں ہے۔










