لیوینڈر کی کاشت میں ڈوڈہ کو ملک بھر میں رول ماڈل کے طور پر پہچانا جا سکتا ہے ۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ

جموں//وزیر مملکت ( آزادانہ چارج ) سائنس اور ٹیکنالوجی اور ارتھ سائینسز ، پی ایم او ، پرسنل ، عوامی شکایات ، پنشن ، ایٹمی توانائی اور خلائی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج ضلع ڈوڈہ میں نافذ کی جانے والی مختلف مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں ( سی ایس ایس ) کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوارڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی ( ڈی آئی ایس ایچ اے ) کی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں سیکرٹری قبائلی امور جموں و کشمیر ، چئیر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل ڈوڈہ ، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ، چئیر پرسن بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ، چیف پلاننگ آفیسر ، ایس ایس پی ڈوڈہ ، پرنسپل جی ایم سی ڈوڈہ ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ڈوڈہ ، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ شروع میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے مختلف مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کے تحت ریکارڈ کی گئی کامیابیوں اور پیش رفت کے بارے میں ایک پرذنٹیشن پیش کی اور ضلع میں مختلف محکموں اور ایجنسیوں کے ذریعہ چلائے جا رہے مختلف بڑے پروجیکٹوں کا جائیزہ پیش کیا ۔ پروجیکٹوں کو عملی جامہ پہنانے کے دوران عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ان نمائندوں اور ضلع انتظامیہ کے درمیان بہتر تال میل زمینی سطح پر نافذ ہونے والی سکیموں کی کلید ہے ۔ ضلع میں لیوینڈر کی کاشت کا جائیزہ لیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ چونکہ کسان منافع بخش کھیتی بونے کیلئے تجارتی پیمانے پر لیوینڈر کی کاشت کر رہے ہیں ، ڈوڈہ ضلع لیوینڈر فارمنگ میں ملک میں ایک رول ماڈل کے طور پر جانا جائے گا ۔ اس موقع پر ضلع کے مختلف سیکٹروں میں چلائی جا رہی مختلف سی ایس ایس اسکیموں کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی گئی ۔ وزیر نے ضلع میں مختلف محکموں کی طرف سے شروع کی گئی ان تمام اسکیموں کا تفصیلی جائیزہ لیا جہاں انہوں نے ہر اسکیم کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا ۔ اس موقع پر عوامی نمائندوں نے مختلف مسائل کو وزیر کے سامنے پیش کیا جنہوں نے جلد از جلد ازالے کیلئے متعلقہ افراد کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔ ڈاکٹر سنگھ نے متعلقہ محکموں کو تمام اسکیموں کے موثر نفاذ اور تمام اسکیموں کے تحت صد فیصد اہل استفادہ کنندگان کی کوریج کیلئے جوش اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سنگھ نے ضلع میں مختلف سی ایس ایس کو کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے اور مختلف سکیموں میں 90 فیصد سے زیادہ سیچوریشن حاصل کرنے کیلئے ڈوڈہ انتظامیہ کی تعریف کی ۔