An apple tree was damaged due to utimely snowfall in south Kashmir's Shopian district, as most places of Kashmir valley experienced a fresh light to moderate snowfall while plains lashed by incessant rains

میوہ داردرختوں کوبچائیں، پیداوارجلدجمع کریں

مالکان باغات اورزمینداروںکومحکمہ موسمیات کاپھرمشورہ

سری نگر//محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو مشورہ دیاہے کہ وہ بارشیں اوربرف باری ہونے کے پیش نظر زراعت اور باغبانی کی پیداوار کی کٹائی کاکام مکمل کرلیں ۔جے کے این ایس کے مطابق موسمی تغیروتبدل کے ممکنہ اثرات کے بارے میں، محکمہ موسمیات نے کہاکہ6اور7 نومبر کے دوران برف باری اور کم درجہ حرارت بنیادی طور پر زوجیلا، جموںسرینگر ہائی وے، سنتھن ٹاپ، مغل روڈ وغیرہ پر سطحی نقل و حمل میں عارضی خلل کا باعث بن سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں اورمالکان باغات کوخبردارکیاکہ بھاری برف باری سے باغات کو نقصان پہنچ سکتا ہے،اسلئے ممکنہ نقصان سے بچنے کیلئے قبل ازوقت سبیل کریں۔کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ زراعت اور باغبانی کی پیداوار کی کٹائی کریں جو برف باری اور کم درجہ حرارت کا شکار ہیں۔قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس اورڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے گزشتہ ماہ ہی مالکان باغات سے کہاہے کہ وہ سیب کے درختوںکی شاخ تراشی کاکام جلدسے جلد مکمل کریں تاکہ برف باری سے میوہ دار درختوں کوہونے والے ممکنہ نقصانات سے بچایاجاسکے ۔انہوںنے کسانوں اورزمینداروں کوبھی مشورہ دیاتھاکہ وہ دھان اوردیگر تیار فصلوںکی جلدسے جلد کٹائی کاکام مکمل کرکے زرعی پیداوار کوکسی محفوظ جگہ جمع رکھنے کاانتظام کریں ۔اس دوران معلوم ہواکہ سنیچر کے روز پورے کشمیر میں زمیندار اورباغ مالکان فصل جمع کرنے اورمیوہ دار درختوںکی شاخ تراشی کرنے نیز اسے نکلنے والی ٹہنیوں کوجمع کرنے میں مصروف عمل رہے جبکہ باغات میں پڑے ٹہنیوںکو جلاکر ان کوکوئلے بنانے کاکام بھی جاری رکھاگیا۔