ماں بیٹی لقمہ اجل ،باپ بیٹا زخمی ،علاقہ میں کہرام
سری نگر //حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں جمعہکوعلی الصبح مٹی کے تودے گرنے کے بعدایکچٹان نماپتھر نے ایک مکان کوزمین بوس کردیا جسکے نتیجے میں گھر میں موجود ایک35سالہ خاتون اور اس کی 12سالہ بیٹی کی موت واقعہ ہو گئی جبکہ اس خطرناک واقعے میں متوفی خاتون کاشوہر اوربیٹازخمی ہوگئے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ضلع پونچھ کے بفلیاز نامی پہاڑی گائوںمیں جمعے کوصبح صادق سے پہلے اسوقت کہرام مچ گیا ،جب یہاںDKGروڑ پرواقع ایک مکان مٹی کے تودے اورایک بڑے پتھر کی زدمیں آگیا۔مکان پر چٹان نما بڑاپتھر گرنے سے گھرمیں سویا کنبہ اسکی زدمیں آگیا،اورمیاں بیوی کے علاوہ اُن کے دونوعمر بچے زخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ ڈی کے جی روڈ پر واقع بفلیاز علاقے میں رہائشی مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے ایک35 سالہ خاتون اور اس کی 12 سالہ بیٹی ہلاک جبکہ اس بدقسمت کنبے کے2افراد بشمول متوفی خاتون کارشوہر اوربیٹا زخمی ہو گئے۔ذرائع نے بتایا کہ واقعہجمعے کوصبح صادق سے پہلے5 بجے کے وقت پیش آیا اورمٹی کاتودا معہ بڑاپتھر محمد لطیف کے گھر کو بہا لے گیا، جس کے نتیجے میں اس کی بیوی35سالہ نسیم اختر اور12سالہ کمسن بیٹی روبینہ کوثر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں لطیف اور اس کا بیٹا بشارت زخمی ہوئے۔اس واقعہ کی خبر کے فوراً بعد مقامی لوگوں، پولیس اور فوج کے 48 آر آر نے کمپنی کمانڈر کیپٹن امندیپ کی قیادت میں بڑے پیمانے پر بچاؤ آپریشن شروع کیا۔ زخمیوں کو اسپتال میںمنتقل کرایا گیا ہے۔40سالہ محمدلطیف اوراُس کے بیٹے بشارت کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ایس ایچ او سرنکوٹ راجویر سنگھ نے اس افسوسناک واقعے میں ماں بیٹی کی موت کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے حادثے پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے زخمیوںکی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ۔انہوںنے ایک ٹویٹ میں کہا’’پونچھ کے بفلیاز میں مٹی کے تودے گرنے سے جانی نقصان پر غمزدہ ہوں۔ دکھ کی اس گھڑی میں میرے خیالات اور دعائیں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو ضروری امداد فراہم کرنے کی ہدایت‘‘۔










