افروٹ پہاڑی علاقے میں گلمرگ پولیس کی کارروائی

3حیدرآبادی سیاحوںکوبچالیا، پولیس کی مدد کے بغیر بحفاظت واپس آناممکن نہ تھا:سیاح

گلمرگ//جموں و کشمیر پولیس نے گزشتہ رات گلمرگ کے افروٹ پہاڑی علاقے میں راستہ بھٹکنے والے 3 سیاحوں کو بچایا۔ حکام نے جمعرات کو بتایاکہ گلمرگ پولیس بدھ کی رات اطلاع ملنے کے بعد حرکت میں آگئی کہ کچھ سیاح افروٹ میں پھنس گئے ہیں کیونکہ وہ گنڈولاسے واپسی کا راستہ بھول گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اطلاع ملتے ہی گلمرگ سے ایک پولیس پارٹی کوافروٹ کی جانب روانہ کیا گیا اورپولیس پارٹی نے تین سیاحوں راجو، اننیا اور بھردواج ساکنان حیدرآبادکو بچا لیا ۔افروٹ میں پھنسے سیاحوں کا کہنا تھا کہ پولیس کے فوری ایکشن نے انہیں بچا لیا۔انہوںنے کہاکہ ہم پیدل ہی گنڈولا کی طرف گئے تھے اور راستہ بھول گئے۔ ہم نے ایس ایچ ائو گلمرگ کو فون کیا اور پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر پہنچ گئی اور ہمیں بچالیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی مدد کے بغیر ہم بحفاظت واپس نہیں جا سکتے تھے اور ہم پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔