نکسل واد ، ٹرازم اور علیحدگی پسند سوچ بندوق کی شکل میں ہو یا قلم کی اسے اُکھاڑ پھینکنا ہوگا:مودی
سرینگر// وزیراعظم نے کہا کہ نکسل اِزم،یا اعلیٰحدگی پسندی یا ملٹنسی بندوق کی شکل میں ہو یا قلم کی، اِسے اْکھاڑ پھینکنا ہوگا تاکہ وہ ملک کے نوجوانوں کو گمراہ نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور خود انحصاری کیلئے مرکزی سرکار وعدہ بند ہے ۔ سی این آئی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے پولیس کیلئے ’’ایک ملک ایک وردی‘‘ کا تصور پیش کیا ہے۔ ریاستی وزرائے داخلہ کے چِنتن شِور سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ محض غوروخوض کیلئے ایک تجویز ہے اور وہ اِسے ریاستوں پر تھوپنے کی کوشش نہیں کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اْن کا خیال ہے کہ پورے ملک میں پولیس دستوں کی شناخت یکساں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اِس سے قانون نافذ کرنے والے عملے کی ایک مشترکہ شناخت ہوگی، کیونکہ لوگ ملک میں انہیں ہر جگہ پہنچانیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نکسل اِزم، بندوق کی شکل میں ہو یا قلم کی، اِسے اْکھاڑ پھینکنا ہوگا تاکہ وہ ملک کے نوجوانوں کو گمراہ نہ کرسکے۔ جناب مودی نے کہا کہ ملک کے اتحاد اور سا لمیت کی خاطر اور سردار پٹیل سے جذبہ حاصل کرتے ہوئے ہم اپنے ملک میں اِس طرح کی طاقتوں کو نہیں پنپنے دے سکتے۔ وزیراعظم نے ریاستی سرکاروں پر زور دیا کہ وہ پہلے سے نافذ قوانین کا جائزہ لیں اور جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اِن میں ترمیم کریں۔ انہوں نے نظم وضبط اور سلامتی سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے سبھی ایجنسیوں کی طرف سے مربوط اقدام کرنے کو کہا۔ جناب مودی نے کہا کہ پولیس کی ایک اچھی شبیہ برقرار رکھنا بہت اہم ہے اور غلط شبیہ کو دور کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ آئین کے مطابق نظم وضبط، ریاست کا معاملہ ہے لیکن اِس کا تعلق اْتنا ہی، ملک کے اتحاد اور سا لمیت سے ہے۔نریندر مودی نے کہا کہ اندرونی سلامتی کیلئے ہر ریاست کو ایک دوسرے سے سیکھنا اور جذبہ حاصل کرنا چاہئے اور مل کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نظم وضبط کا براہ راست تعلق، ترقی سے ہے لہٰذا یہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن برقرار رکھے۔










