مشیر بٹھناگر نے نئے قائم کردہ جی ایم سیز پر تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا

سرینگر//لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے اننت ناگ ، بارہمولہ ، راجوری ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ ، اودھمپور اور ہندواڑہ کے نئے قائم ہونے والے سرکاری میڈیکل کالجوں ( جی ایم سی ) میں جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں صحت اور طبی تعلیم کے انتظامی سیکرٹری بھوپندر کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی ، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں ، چیف انجینئر جے کے پی سی سی ، ڈائریکٹر کوارڈینیشن نیو جی ایم سی ، تمام میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز اور دیگر متعلقہ افسران ذاتی طور اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران مشیر نے ان کالجوں کے ساتھ ساتھ ایسوسی ایٹڈ ہسپتالوں میں میں جاری تمام کاموں کا تفصیلی جائیزہ لیا اور مالیاتی پیش رفت اور ان کاموں پر اب تک ہونے والے اخراجات کا بھی جائیزہ لیا ۔ ان صحت کے اداروں کے جاری کاموں اور دیگر متعلقہ امور کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر بٹھناگر کو کالجوں کی عمارت ، ہوسٹلز ، رہائشی کوارٹرز اور طلباء اور فیکلٹی کیلئے دیگر سہولیات کی تعمیر کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت کے بارے میں بتایا گیا ۔ عمل آوری ایجنسیوں کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے مشیر نے ان سے کہا کہ وہ ہر پروجیکٹ کیلئے اپنے افراد اور مشینری کو تیار کریں تا کہ مطلوبہ کام کی رفتار تیز ہو اور وقت پر مکمل ہو سکے ۔ مشیر نے ان ایجنسیوں کے سینئر افسران سے کہا کہ وہ صحت کے ان باوقار پروجیکٹوں کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لیں اور تعمیراتی مقامات کا ذاتی طور پر دورہ کر کے تمام آنے والے مسائل کو حل کریں ۔ ان پروجیکٹوں کی تکمیل مقررہ مدت کے دوران نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے افسران پر زور دیا کہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل کی آخری تاریخ میں کسی بھی قیمت پر توسیع نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ ڈبل شفٹوں میں کام کریں تا کہ پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے ۔ میٹنگ کے دوران ڈائریکٹر کوارڈینیشن نیو جی ایم سیز نے ان پروجیکٹوں پر کام کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔