کشمیر زعفران کی جی آئی ٹیگنگ نے بین الاقوامی سطح پر اِس کی قدر میں اِضافہ کیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری
سری نگر//ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے پانپور کے زعفرانی علاقوں کا دورہ کیا تاکہ زعفران کے کھیتوں میں پھول چننے کے کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ہمراہ ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال ، ایڈمنسٹریٹر آئی آئی کے ایس ٹی سی شاہنواز احمد شاہ ، ایگر ی کلچر اِنفارمیشن آفیسر کشمیر شیخ عمران ، ممبر کسان بورد اِرشاد احمد اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔اَتل ڈولو نے زعفرانی کھیتوں کا دورہ کیا جہاں انہیں زعفران کے پھول چننے کے کاموں ، محکمہ کی طرف سے مختلف اقدامات اور زعفران کے کاشت کاروں کی طرف سے اَپنائی گئی جدید ترین ٹیکنالوجیز کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔بعد میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے میڈ یااَفراد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دورے کا مقصد محکمہ کی جانب سے زعفران کے کاشت کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا تھا ۔ اُنہوں نے کہا کہ زعفران جموںوکشمیر کی ایک مشہور فصل ہے ۔یہ ایک اہم نقد آور فصل ہے اور محکمہ اِس فصل کو اس کی پوری صلاحیت کے مطابق فروغ دینے کے لئے مستقل مزاجی سے کام کر رہا ہے ۔ اُنہوں نے اِنڈیا اِنٹرنیشنل کشمیر زعفران ٹریڈ سینٹر ( آئی آئی کے ایس ٹی سی ) کے بارے میں کہا کہ یہ مرکز زعفران کے کاشت کاروں کو ان کی پیداوار کی کٹائی سے پہلے او ربعد میں بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے ۔اَتل ڈولو نے کہا کہ زعفران کے کسانوں کی طرف سے جدید ترین ٹیکنالوجی کو اَپنانے سے نہ صرف پیداوار میں اِضافہ ہوگا بلکہ بہتر معیار کو یقینی بنایا جائے گا ۔اُنہوں نے کہا کہ زعفران کی جی آئی ٹیگنگ نے اِس کی اہمیت میں اِضافہ کیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس کی تجارت کے لئے ایک نئی راہ ہموار کی ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ کشمیر زعفران کی جی آئی ٹیگنگ اور آئی آئی کے ایس ٹی سی میں آن لائن مارکیٹنگ سہولیات سے ایک طرف خریداروں او ربیچنے والوں کے لئے تجارت کرنا آسان بنایا ہے اور دوسری طرف بیچنے والے یعنی زعفران کے کاشت کار کے پاس مارکیٹ کے وسیع اِختیارات دستیاب ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیر کے زعفران کا معیار سپین ، ایران جیسے دیگر ممالک کے زعفران کے معیار سے بہت بہتر ہے ۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران اور متعلقین سے کہا کہ وہ اِس طریقے سے کام کریں کہک کشمیر زعفران کے اِس منفرد معیار کا معاشی فائدہ متعلقہ زعفران کے کسانوں تک پہنچے۔اِس سے قبل ڈائریکٹر زراعت کشمیر نے محکمہ کی جانب سے مختلف اقدامات اور زعفران کے فروغ اور اِس کی مارکیٹنگ کے لئے مختلف سکیموں کی عمل آوری کا ذکر کیا۔بعدمیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے اِنڈیا اِنٹرنیشنل کشمیر زعفران ٹریڈ سینٹر دسو پانپور کا دورہ کیا ۔اُنہوں نے مرکز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مختلف آپریشنز کا جائزہ لیا جن میں پھولوں کی وصولی ، کلنک کو الگ کرنا ، خشک کرنا ، پیکنگ اور دیگر متعلقہ سرگرمیاں شامل ہیں۔










