ادھم پور// وزیر مملکت برائے وزارت دفاع اور سیاحت اجے بھٹ نے ہفتے کو ادھم پور میں فوج کی شمالی کمان کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں اُنہیں سیکورٹی اور آپریشنل صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیرمملکت فوج کے نے سینئر افسران سے بات چیت کی اور دفاع سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں دفاعی ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایاگیاکہ مرکزی وزیر مملکت برائے وزارت دفاع اور سیاحت اجے بھٹ نے قوم کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دھروا وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔مرکزی وزیرمملکت برائے دفاع نے شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی کی موجودگی میں ’شوریہ دیوس (انفنٹری ڈے) موٹر سائیکل ریلی‘ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔دفاعی ترجمان نے جانکاری دی کہ موٹرسائیکل یابائیک ریلی1947-48 کی جنگ میں سری نگر میں تاریخی لینڈنگ کے 75 سال کی یاد میں منعقد کی گئی ہے۔ یہ ریلی27 اکتوبر 2022 کو نیشنل وار میموریل، نئی دہلی میں اختتام پذیر ہوگی۔انہوںنے مزیدکہاکہ مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ نے این سی سی گرل کیڈٹس سے بھی بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اجے بھٹ نے جموں و کشمیر اور لداخ میں ہندوستانی فوج کی کوششوں کو تسلیم کیا، فعال کارروائیوں میں تعینات فوجیوں کے جذبے اور حوصلہ افزائی کی تعریف کی اور قوم کے لئے ان کی غیر مشروط اور بے لوث خدمات کے لیے تمام صفوں کی تعریف کی۔ انہوں نے سرحدوں کو محفوظ بنانے اور جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں داخلی سلامتی کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے دوران ہمیشہ لڑائی میں رہنے کے لئے شمالی کمان کی تعریف کی۔










