چیف سیکرٹری نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘ کے تحت سرگرمیاں تیز کریں

سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘ کے پین نیشن پروگرام کے تحت اَپنی سرگرمیاں تیز کریں۔میٹنگ میں دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنران ، کمشنر سیکرٹری ثقافت، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور دیگر متعلقہ اَفسران ذاتی طور پر یا بذریعہ ورچیول موڈ موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے اِس پروگرام کے تحت اَب تک کی گئی سرگرمیوں کا نوٹس لیا ۔اُنہوں نے ہر ضلع ترقیاتی کمشنر سے اِس ماہ کے دوران کی جانے والی سرگرمیوں کی نوعیت اور تعداد کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ پورٹل پر روزانہ کم سے کم 100یونٹوں کو اپ لوڈ کرنے کا ہدف رکھیں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے ان پر زور دیا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ صرف اَچھے معیار کی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ متعلقہ سرگرمیاں ہی اپ لوڈ کی جائیں ۔ اُنہوں نے امور نوجوان و کھیل کود ، اعلیٰ تعلیم ، سکولی تعلیم ، رورل ڈیولپمنٹ ، آر اینڈ بی اور دیگر محکموں کے درمیان تال پر زور دیا تاکہ ہر ضلع میں زیادہ سے زیادہ سرگرمیاں منعقد کی جاسکیں۔اُنہوں نے اِن سرگرمیوں میں عوام سے شرکت کی درخواست کی کیوں کہ یہ دراصل ان کے لئے ہیں۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر کے ہر شہری کو کھیل یا ثقافتی میدان میں اَپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کاموقعہ فراہم کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ یہ تمام سرگرمیاں ’’ امرت کال‘‘ کا پیش خیمہ ہیں جس سے قوم گزر رہی ہے ۔اُنہوں نے اعلان کیا کہ سرگرمیاں 15؍ اگست 2023 ء تک روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں۔یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘‘ آزادی کے 75 برس اور اس کے لوگوں ، ثقافت اور کامیابیوں کی شاندار تاریخ اور اس کی یاد منانے کے لئے مرکزی حکومت کی ایک پہل ہے۔’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘ کا سرکاری سفر 12 ؍ مارچ 2021ء کو شروع ہوا جس نے ہماری آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے لئے 75 ہفتوں کی اُلٹی گنتی شروع کی او رایک برس کے بعد 15؍ اگست 2023 ء کو ہو جائے گا۔بعد میں چیف سیکرٹرینے روشنیوں کے تہوار دیوالی سے قبل اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔اُنہوں نے دونوں صوبائی کمشنروں سے کہا کہ وہ اِس خصوصی موقعہ پر لوگوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ ان تمام علاقوں میں بجلی اور پانی کی معیاری فراہمی کو یقینی بنایا جائے جہاں لوگ یہ تہوار منا رہے ہیں ۔ اُنہوں نے سڑکوں پر نظم و ضبط اور ہر جگہ اَمن و اَمان برقرار رکھنے پر زور دیا تاکہ تہوار پورے جوش و خروش او رمذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے۔