لفٹینٹ گورنر نے جموں و کشمیر ہائیر ایجوکیشن کونسل کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی

سرینگر//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نےراج بھون آڈیٹوریم میں جموں و کشمیر ہائیر ایجوکیشن کونسل کی پہلی میٹنگ کی صدارت کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے انسانی وسائل کی صلاحیت کو بڑھانے اور جموں و کشمیر کی یونیورسٹیوں کو بتدریج اقتصادی ترقی کے مراکز میں تبدیل کرنے کیلئے ایک عملی روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ ہمارے اعلیٰ تعلیمی ماحولیاتی نظام کو موجودہ دور کے چیلنجوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے خود کو دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مختلف شعبوں میں ہونے والی ترقی میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار رہنا چاہئیے ‘‘۔ لفٹینٹ گورنر نے خاص طور پر زراعت اور سیاحت جیسے شعبوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کا مشورہ دیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ زراعت میں تکنیکی ان پٹ میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا یونیورسٹیوں کو اس شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنے ، میکانائیزیشن کو آسان بنانے اور اقتصادی رابطہ اور دیہات کی خوشحالی کیلئے ویلیو ایڈز کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، سابق وائس چانسلر دہلی یونیورسٹی ڈاکٹر دنیش سنگھ ، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر امیش رائے ، وی سی کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان ، وی سی آئی یو ایس ٹی پروفیسر شکیل احمد رومشو ، وی سی بی جی ایس بی یو پروفیسر اکبر مسعود ، وی سی جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی پروفیسر نجمہ اختر کے علاوہ متعلقہ افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں جموں و کشمیر یو ٹی کے کالجوں کے نظام میں احتساب اور جوابدہی کو بہتر بنانا ، تحقیق ، اختراع ، مہارت کی ترقی ، صلاحیت کی تعمیر ، مسابقت کی حوصلہ افزائی ، ملازمت میں اضافہ ، تعلیم کو تبدیل کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کو مربوط کرنا ، کثیر الضابطی تعلیم ، لچک اور طلبہ کی نقل و حرکت اور ڈیجٹل لرننگ کے ذریعے رسائی میں اضافہ اور یونیورسٹیوں میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے نفاذ کے بارے میں ایک اہم بات چیت ہوئی ۔لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا مقصد ہنر مند نوجوانوں اور کالجوں کا عالمی کیڈر تیار کرنا ہے ، یونیورسٹیوں کو انہیں مسابقتی بنانے اورروزگار کے قابل ہنر کے فرق کو پُر کرنے کی ضرورت ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حکومت کونسل کی سفارشات پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر دنیش سنگھ اور سابق وائس چانسلر دہلی یونیورسٹی کی کوششوں کی تعریف کی ۔ میٹنگ میں طالب علموں خصوصاً لڑکیوں کی کھیلوں ، ثقافتی اور اس طرح کی دیگر سرگرمیوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پرنسپل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ روہت کنسل نے یو ٹی میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کا ایک تفصیلی جائیزہ پیش کیا ۔