کمشنر سیکرٹری ریونیو نے ٹکری میں جن ابھیان پروگرام میں حصہ لیا

کہا، دُور دراز علاقوں میں آن لائن ریونیو خدمات کو فروغ دیا جائے

اودھمپور// کمشنر سیکرٹری ریونیو وِجے کما ر بدھوری نے آج اودھمپور ضلع کا تفصیلی دورہ کیا اور ٹکر میں جن ابھیان پروگرام میں حصہ لیا ۔جن ابھیان پروگرام میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن اودھمپور لال چند ، ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور کرتیکا جیوتسنا ، بی ڈی سی چیئرمین نشا شرما ، ڈی ڈی سی آشو شرما، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو رفیق احمد جرال اور دیگر اَفسران کے علاوہ پی آر آئی ممبران نے شرکت کی۔کمشنر سیکرٹری نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریونیو اَفسران اور ملازمین کی دو ماہ ریکارڈ وقت میں ریونیو ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کرنے میں ان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔جس کا ثمر عوام کے لئے لینڈ ریکارڈ اِنفارمیشن سسٹم پورٹل پر آن لائن سہولیت کے طور پر دستیاب ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹائزیشن ریونیو ریکارڈ کو بہتر بنانے اور آن لائن پلیٹ فارموں سے عوام کے لئے آمدن ریکارڈ کو آسانی سے قابل رَسائی بنانے کے لئے ناگز یر ہے۔وِجے کمار بدھوری نے مزید کہا کہ تعلیمی اِدارے مختلف حکومتوں کی سکیمیں بالخصوص زمین ریکارڈ کی آن لائن رسائی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے ۔اُنہوں نے تمام تعلیمی اِداروں کے سربراہوں کو مشورہ دیا کہ وہ طلباء کو لینڈ ریکارڈ اِنفارمیشن سسٹم پورٹل https://landrecords.jk.gov.in/پر زمین ریکارڈ کی دستیابی کے بارے میں حساس بنائیں تاکہ وہ دیہی علاقوں میںعوام میں زمینی ریکارڈ تک آسانی رَسائی حاصل اور بیداری پھیلا سکیں۔ بعد میں کمشنر سیکرٹری نے زمینداروں میں زمین پاس بکس تقسیم کیں اور انہیں بتایا کہ لینڈ پاس بک اردو، انگریزی اور ہندی تین زبانوںمیں تیار کی گئی ہیں تاکہ جموںوکشمیر کا ہر شہری اَپنے ریکارڈ کو آسانی سے پڑھ اور جان سکے ۔وِجے کمار بدھوری نے متعلقہ محکموں کے اَفسران کو ضلع میں سکیموں کو مکمل طور پر عملانے کی تاکید کی ۔اُنہوں نے عوام کے ساتھ پی آر آئیز سے بھی کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف سکیموں اور پروگراموں سے فائدہ اٹھانے کے لئے آگے آئیں۔کمشنر سیکرٹری موصوف نے متعلقہ محکمہ کے اَفسران سے کہا کہ وہ ضلع کے دیہی اور دُور دراز علاقوں کا دورہ کر کے مختلف کاموں اور سکیموں کی پیش رفت کی خود معلومات حاصل کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مختلف ریونیو خدمات کی آن لائن فراہمی اور حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے دیگر عوام دوست اقدامات نے محکمہ میں شفافیت اور جواب دہی لائی ہے۔اُنہوں نے ضلع میں مختلف سکیموں کے تحت آئی اِی سی کی سرگرمیوں کو مؤثر طریقے سے عملانے پر اِنتظامیہ کی تعریف کی ۔ چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے ضلع ترقیاتی کمشنر کی زمینی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن میں انتھک کوششوں کو بھی سراہا جس سے مستقبل میں عام لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔