بانڈی پورہ،سوپورروڑ پراشٹنگوکے نزدیکIED

بم ڈسپوزل اسکارڈنے بنادیاناکارہ:دفاعی ترجمان

سری نگر//فوج نے بانڈی پورہ،سوپورروڑ پرنصب کردہ ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلے کوبروقت ناکارہ بناکر ایک بڑے خطرے کوٹال دیا۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں تعینات پی آرائو(دفاع) نے ایک بیان میں جانکاری فراہم کی کہ جموں وکشمیر پولیس سے موصول ہونے والی انٹیلی جنس کی بنیاد پر اور ہندوستانی فوج کی طرف سے مزید تصدیق کی گئی، بانڈی پورہ،سوپور روڈ پراشٹنگوعلاقہ میں ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائسIED کی موجودگی کے بارے میں، 14اور15اکتوبر2022کی درمیانی رات کو ہندوستانی فوج اور جموں وکشمیر پولیس نے ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا۔ بیان کے مطابق مشترکہ تلاشی پارٹیوں کو فوری طور پر تعینات کیا گیا اور 300 میٹر کے دائرے کے علاقے کو سیکورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران، 15 اکتوبر2022 کو صبح 8بجکر35منٹ پرتلاشی پارٹی کی طرف سے ایک آئی ای ڈی کی موجودگی کی مثبت طور پر تصدیق ہوئی۔ آئی ای ڈی بانڈی پورہ سوپور روڈ کے قریب تھی۔ آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کے لئے بھارتی فوج کا بم ڈسپوزل اسکارڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ بم ڈسپوزل سکارڈ نے بغیر کسی نقصان کے آئی ای ڈی کو موقع پر ہی تباہ کر دیا۔دفاعی ترجمان کے مطابق بانڈی پورہ،سوپور ہائی وے سول ٹریفک کے ساتھ ساتھ فوج اور سی اے پی ایف کے قافلوں کے لئے مواصلات کی ایک اہم لائن ہے۔ سیکورٹی فورسز نے اپنی تیز رفتار کارروائی سے آئی ای ڈی کو بروقت ناکارہ بنا کر دہشت گردی کی ایک بڑی سازش کو ناکام بنا دیا۔ بانڈی پورہ،سوپور ہائی وے پرسنیچر کی صبح کچھ گھنٹوں تک ٹریفک روک دی گئی تھی جسے بعدازاں بحال کر دیا گیا ہے۔