مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر وریندر کمار کا سرینگر کا دورہ

500 بستروں والے پیڈیاٹرک ہسپتال ، آئی سی سی سی ، بال آشرم اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا

سرینگر//سماجی انصاف کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے مرکزی حکومت کے پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے تحت آج ضلع سرینگر کا دورہ کیا اور ضلع بھر میں ترقیاتی منظر نامے کا موقع پر جائیزہ لیا ۔ اپنے دورے کے دوران وزیر نے پیڈیاٹرک ہسپتال بمنہ ، انٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ، ایچ ایم ٹی ، ڈرگ ڈی ایڈکشن کم بحالی اور مشاورت سینٹر ، ایس ایم ایچ ایس اور رضاکارانہ میڈیکیٹر سوسائٹی ( وی ایم ایس ) بمنہ کا دورہ کیا ۔ رضاکارانہ میڈیکیئر سوسائٹی ( وی ایم ایس ) بمنہ میں وزیر نے سہولیات کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور وہاں معذور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے مرکز میں خصوصی معذور بچوں کیلئے دستیاب سہولیات کا بھی پہلے ہاتھ سے جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران وزیر نے فزیو اینڈ آکوپیشنل تھراپی سنٹر ، مصنوعی آرتھو پیڈک ڈیپارٹمنٹ ، مختلف وارڈز ، فٹنس جم ، سی اے ایم تھراپی یونٹس اور سنٹر کے دیگر حصوں کا معائینہ کیا ۔ وزیر نے مریضوں /مستحقین سے بھی بات چیت کی اور فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں متعلقہ عملے سے جائیزہ لیا ۔ وزیر نے معذور بچوں کیلئے خصوصی اسکول کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کلاس رومز ، ووکیشنل سنٹر اور سکول کے دیگر حصوں کا معائینہ کیا ۔ وہاں افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے معذور افراد کی بہتری اور بحالی کیلئے وی ایم ایس میں سہولیات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے مرکز کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کی وزارت کی طرف سے انہیں مستقل بنیادوں پر ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی ۔ 500بستروں والے پیڈیاٹرک ہسپتال بمنہ کے دورے کے دوران وزیر نے وہاں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ مرکزی وزیر نے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور کیزولٹی ایمرجنسی وارڈ ، این آئی سی یو وارڈ ، پی آئی سی یو وارڈ اور ہسپتال کے دیگر حصوں کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے وہاں موجود مریضوں سے بھی بات چیت کی اور ان سے ادارے میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔ اس موقع پر پرنسپل جی ایم سی سرینگر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے ان پر زور دیا کہ وہ یہاں کے عام لوگوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں ۔ اس دوران مرکزی وزیر نے یہاں انٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر ( آئی سی سی سی ) ایچ ایم ٹی کا بھی دورہ کیا اور سنٹر کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے سنٹر کے عملے سے بات چیت کی اور ان سے اس سنٹر کے ذریعے عوام کو فراہم کی جانے والی مختلف خدمات کے بارے میں دریافت کیا ۔ مرکزی وزیر نے بعد میں ڈرگ ڈی ایڈکشن کم بحالی مشاورتی مرکز ایس ایم ایچ ایس کا دورہ کیا اور مرکز کا مجموعی جائیزہ لیا ۔ بعد میں ڈاکٹر وریندر کمار نے بال آشرم اور ناری نکیتن سنٹر شالیمار کا دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے وہاں موجود طلباء سے بات چیت کی اور ان سے مرکز میں دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔ ڈپٹی کمشنر سرینگر ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر ، ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے ۔