amit shah

دفعہ 370 لگانے کی غلطی کی وجہ سے کشمیر میں گڑبڑ مچ گئی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ

سری نگر//وزیراعظم نریندرمودی کے موقف کی مکمل تائید کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کو کشمیر کے مسائل کا ذمہ دار ٹھہرایااورکہاکہ نہرو کے آرٹیکل 370 کے اندراج سے مسئلہ کشمیر پیدا ہوا۔وزیرداخلہ نے ساتھ ہی کہاکہ آرٹیکل370 کو ہٹا کر کشمیر مسئلے کو حل کرنے کا سہرا نریندر مودی حکومت کو جاتاہے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق جمعرات کوگجرات میں بی جے پی کی ’گورو یاترا‘ کو جھنڈی دکھانے کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ کانگریس ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر پر ان کی پارٹی کو طعنہ دیتی تھی لیکن اب اس پر کام جاری ہے۔امت شاہ نے زوردیکرکہاکہ دفعہ 370 لگانے کی (پہلے وزیر اعظم) جواہر لعل نہرو کی غلطی کی وجہ سے کشمیر میں گڑبڑ مچ گئی۔انہوںنے کہاکہ یہ ملک کے ساتھ صحیح طور پر مربوط نہیں ہو سکا، ہر کوئی آرٹیکل370 کو ہٹانا چاہتا تھا۔خیال رہے وزیراعظم مودی نے اس ہفتے کے شروع میں گجرات میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کے مسائل کے لئے جواہرلال نہرو کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔اتر پردیش کے ایودھیا میں رام مندر پر بات کرتے ہوئے، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ کانگریس بی جے پی کا مذاق اڑاتی تھی جیسے ’’مندر واہی بنے گی لیکن تیتھی نہیں بتائے گی‘‘ (مندر بنے گا لیکن یہ نہیں کہہ سکتے کہ کب بنے گا)۔لیکن تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا، سنگ بنیاد کی تقریب مکمل ہو گئی اور وعدہ شدہ جگہ پر ایک عظیم الشان مندر آ رہا ہے۔کانگریس پر مزید نکتہ چینی کرتے ہوئے، بی جے پی کے سابق قومی صدراور سینئر لیڈر امت شاہ نے کہا کہ سابقہ گجرات میں جب کرفیو لگانا معمول کی بات تھی، لیکن ریاست میں مودی حکومت کی آمد نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ اب وہ دن گزر چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب کانگریس گجرات میں حکومت کرتی تھی تویہاں365 دنوں میں سے، گجرات کے کچھ حصوں میں کرفیو 200 دن کرفیو نافذ رہتاتھا۔ وہ (کانگریس) سوچتے تھے کہ اگر لوگ آپس میں لڑیں گے تو اُنہیں فائدہ ہوگا لیکن وہ دن اب گئے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گجرات میں نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد گزشتہ 20سالوں سے ریاست میں کرفیو نہیں لگایا گیا۔