مرکزی وزیر مملکت صنعت و حرفت کا دو روزہ دورہ اِختتام پذیر

گاندربل میں 6.49 کروڑ روپے کے سڑک پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا

گاندربل//مرکزی وزیر مملکت صنعت و حرفت انوپریہ سنگھ پاٹل نے آج مامر کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں کئی سڑک پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا اور سنگ بنیاد ربھی رکھا جو مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے تحت ضلع گاندربل کے دوروزہ دورے پر تھیں۔ مرکزی وزیرمملکت نے مامر گائوں کے دورے کے دوران نبارڈ کے تحت منظور شدہ 4.50 کلومیٹر لمبائی کی 374.82 لاکھ روپے کی لاگت سے بونہ زال سڑک کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے 274.39 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور شدہ الائیڈ لنکس سمیت اوَنپتی سترینا سڑک کو وسعت دینے اور اَپ گریڈ کرنے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اِس موقعہ پر مختلف محکموں نے جے کے ٹی ڈی سی کیفے ٹیریا مامر میں اَپنی مصنوعات او رسکیموں کی نمائش کے لئے سٹال لگائے تھے ۔ مرکزی وزیر مملکت موصوفہ نے ڈی ڈی سی چیئرپرسن نزہت اشفاق ، ضلع ترقیاتی کمشنر شیامبیر اور دیگر اَفسران کے ہمراہ سٹالوں کا چکر لگایا جنہوں نے مقامی مصنوعات بالخصو ص ایس ایچ جی خواتین کاروباریوں کی دِلچسپی کا مشاہدہ کیا۔موصوفہ نے ایس ایچ جی خواتین کاروباریوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی توجہ دیہات میں رہنے والی خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے تاکہ وہ اَپنے خاندان کی معیشت میں اَپنا حصہ اَدا سکیںاور ایس ایچ جی ممبر ان کی ان کے ہاتھ سے بنی اشیاء کی تعریف کی ۔اُنہوں نے ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی ، سرپنچوں اور مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی جنہوں نے مرکزی وزیر مملکت موصوفہ کو مختلف مطالبات اور علاقوں کے کئی مسائل گوش گزار کئے۔مرکزی وزیرمملکت موصوفہ نے اِس موقعہ پر کہا کہ مرکزی حکومت نے عوامی رَسائی کی پہل کی ہے جس کے تحت 70وزراء جموںوکشمیر کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ جموںوکشمیر یوٹی میں ترقیاتی منصوبوں او رمختلف فلاحی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا جاسکے۔مقامی لوگوں سے رائے اور تجاویز حاصل کریں جو وزارتِ داخلہ کے ساتھ شیئر کی جائیں گی تاکہ مطالبات کے بروقت اور معیاری حل کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے مسائل کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر کے لئے اعلان کردہ نئی صنعتی پالیسی کے تحت ضلع گاندربل میں چار صنعتی اسٹیٹس بن رہے ہیں اور اِس سلسلے میں حکومت یوٹی میں صنعتی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ روزگار کے مواقع میسر ہوں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس برس تقریباً 1.62 کروڑ سیاحوں نے جموںوکشمیر کا دورہ کیا ہے اور انہوں نے کہا کہ مامر کو سیاحتی گائوں کے طورپر نامزد کرنے سے ان علاقوں میں سیاحوں کی تعداد میں بھی اِضافہ ہوگا جس سے مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ان کی معیشت ترقی پائے گی۔دریں اثنا، مرکزی وزیر مملکت موصوفہ نے محکمہ لیبر کی لوئر ایجوکیشن اسسٹنس سکیم کے تحت 67.94 لاکھ روپے کی مالی اِمداد بھی حوالے کی۔اُنہوں نے مستحقین میں اولڈ ایچ پنشن کی کتابیں ، سپورٹس کٹس اور لینڈ پاس بکس بھی تقسیم کیں۔اِس سے قبل مرکزی وزیر مملکت موصوفہ نے جے کے ٹی ڈی سی کیفے ٹیریا مامر کے احاطے میں کانیفر کا پودالگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔