Rohit Kansal

پلوامہ گُڈ گورننس اور ترقی کا مترادف ہے ۔ روہت کنسل

افسران پر زور دیا کہ وہ آن لائین ڈیلیوری پر توجہ دیتے ہوئے عوامی خدمات کو قابل رسائی بنائیں

پلوامہ//اطلاعات اور اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے پلوامہ کا دورہ کیا تا کہ ضلع میں مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ انہوں نے مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائیزہ لینے کے علاوہ تمام مرکزی اور یو ٹی حکومت کی ترقیاتی اور سماجی تحفظ کی اسکیموں کا جائیزہ لیا ۔ پرنسپل سیکرٹری جو کہ سیکرٹری انچارج ضلع پلوامہ بھی ہیں نے تمام محکموں کی سیکٹر وار کارکردگی کا بھی جائیزہ لیا ۔ شروع میں ڈپٹی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے پاور پوائینٹ پریذنٹیشن کے ذریعے ضلع کیپیکس بجٹ کے تحت ترقیاتی سرگرمیوں اور اسکیم کے لحاظ سے حاصل کردہ کامیابیوں کا تفصیلی جائیزہ پیش کیا ۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ کیپیکس 2022-23 کے تحت کل کاموں کی تعداد 2720 ہے جس میں 2138 نئے کام اور 582 جاری کام شامل ہیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے واضح کیا کہ یو ٹی حکومت مشکلات کو دور کرنے اور سماجی تحفظ اور فلاحی سکیموں کو تمام اہل شہریوں کیلئے آسانی سے قابل رسائی بنانے کیلئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ تمام استفادہ کنندگان پر مبنی اسکیموں کی صد فیصد تکمیل کو یقینی بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے باقاعدہ عوامی رسائی کی سرگرمیاں شروع کریں ۔ ڈسٹرکٹ کیپیکس پلان اور ضلع میں دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا جائیزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت جاری کیں کہ وہ تمام انفراسٹرکچر پروجیکٹوں کی وقتاً فوقتاً نگرانی کریں اور ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ محکمہ ہائی ویلیو پراجیکٹس کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افراد سے کہا کہ وہ پروجیکٹ کی تکمیل کے مراحل کے بارے میں باقاعدہ رپورٹس پیش کریں ۔ محکمہ بجلی کے افسران کو آئندہ سردیوں کے دوران بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی واضح ہدایات جاری کی گئیں ۔ انہوں نے کہا ’’ عام شہریوں کو کم سے کم پریشانی کو یقینی بنانے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی اور وسائل ک بہترین تقسیم کو اپنائیں ‘‘۔ افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پلوامہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور اگر افسران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز فعال اور مثبت رہیں تو اسے ترقیاتی ماڈل بنایا جا سکتا ہے ۔ آن لائین خدمات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آن لائین خدمات جوابدہی اور شفافیت کا راستہ ہیں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر کام کریں اور انہیں ہدایت دی کہ وہ جاری منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کریں تا کہ پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلوامہ ترال ، اے سی ڈی اور اے سی پی پلوامہ کے علاوہ تمام ضلعی /سیکٹورل افسران نے شرکت کی ۔