مرکزی وزارت قانون وانصاف کی جانب سے حکم نامہ جاری
سری نگر//مرکزی حکومت نے جسٹس علی محمدماگرے جموں وکشمیراورلداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقررکردیاہے اوراس حوالے سے باضابطہ طورپر منگل کے روز سرکاری حکمنامہ جاری کردیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزارت قانون وانصاف کے محکمہ انصاف(تعیناتی ڈویژن) واقع جیسلمیر ہائوس ،26مان سنگھ روڑ نئی دہلی کے ایڈیشنل سیکرٹری راجندر کشیپ کی جانب سے11اکتوبر2022کوجاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل217 کی شق (1) کے ذریعے عطا کردہ اختیارات کے استعمال میں، صدرجمہوریہ نے جسٹس علی محمد ماگرے،جج جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ کو جموں و کشمیراورلداخ کی ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے پر خوشی محسوس کی،جس تاریخ سے وہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ یادرہے سپریم کورٹ کالجیم نے28ستمبر2022کوچیف جسٹس آف انڈیا یویوللت کی سربراہی میں کالجیم کی میٹنگ میں جسٹس علی محمد ماگرے کی ترقی کی سفارش کی تھی ۔یہ فیصلہ جموں وکشمیراورلداخ ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس پنکج مٹھل کو راجستھان ہائی کورٹ منتقل کرنے کے تناظر میں لیا گیا ہے۔جسٹس علی محمد ماگرے 8 دسمبر 1960 کوجنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پیدا ہوئے۔انہوں نے سال1984 میں بطور وکیل داخلہ لیا اور ضلعی عدالتوں بشمول ریونیو کورٹس،ٹربیونلز اور ہائی کورٹ میں قانون کی پریکٹس شروع کی۔جسٹس علی محمد ماگرے کو مارچ 2013 میں جموں و کشمیر ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔










