درخواستوں کی جانچ کیلئے 6رُکنی کمیٹی تشکیل،طبی معاملات،شریک حیات کی پوسٹنگ وسیکورٹی معاملات کاجائزہ لینے کااختیار
سری نگر//حکومت نے جموں وکشمیرمیں سرکاری اسکولوںمیں کام کرنے والے اساتذہ کے تبادلے اوردوسری جگہوں پر تعیناتی سے جڑے معاملات کاجائزہ لینے کیلئے پرنسپل سیکرٹری محکمہ اسکولی تعلیم آلوک کمار کی ہدایت پر ایک 6رُکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ،جس میں کشمیر اورجموں صوبہ کے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن بطور ممبران کے شامل ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق پرنسپل سیکرٹری محکمہ اسکولی تعلیم آلوک کمار کی ہدایت پرسرکاری اسکولوںمیں تعینات اساتذہ کے تبادلے اوردوسری جگہوں پر تعیناتی سے جڑے معاملات کاجائزہ لینے کیلئے ایک 6رُکنی کمیٹی تشکیل دی ئی ہے۔اس کمیٹی میں کشمیر اورجموں صوبہ کے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کے علاوہ ڈائریکٹرفائنانس اسٹیٹ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ،اسپیشل سیکرٹری اسٹیٹ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، انڈرسیکرٹری اسٹیٹ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بطور ممبران کے شامل ہیں جبکہ اس کمیٹی میں محکمہ صحت وطبی تعلیم کاایک نمائندہ بھی ہوگا۔حکمنامے میں کہاگیا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری کی ہدایت پر تشکیل شدہ اعلیٰ سطحی کمیٹی سرکاری اساتذہ کے تبادلو ں سے جڑے معاملات کی نگرانی کیساتھ ساتھ ان کاجائزہ بھی لے گی ۔مذکورہ کمیٹی اساتذہ کے تبادلے سے متعلق درخواستوںکی جانچ کرے گی اوراس حولے سے متعلقہ محکمہ کواپنی سفارشات غور کیلئے بھیجے گی ۔جاری سرکاری آرڈر میں کہاگیاہے کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی طبی بنیادوں کے علاوہ شریک حیات کی پوسٹنگ یاتعیناتی اورسیکورٹی کی بنیاد پر اساتذہ کے ٹرانسفر یاتبادلے سے متعلق دائر شدہ درخواستوںکا جائزہ لے گی ،اورپھراپنی سفارشات محکمہ تعلیم کو بھیجے گی ،تاکہ ایسی درخواستوں کی فوری جانچ کی روشنی میں کوئی فیصلہ جلدی لیا جاسکے ۔










