سری نگر//سماج سے منشیات کو روکنے کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے، بڈگام اور اونتی پورہ پولیس نے5 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی مادہ برآمد کرکے ضبط کی۔جے کے این ایس کے مطابق بلاک آفس کھاگ کے قریب ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس تھانہ کھاگ کی پولیس پارٹی نے ایک شخص کو مشکوک حالت میں روکا جو مالپورہ سے کھاگ کی طرف جارہا تھا، پولیس پارٹی کو دیکھ کر اس نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اسے حکمت کے ساتھ پکڑ لیا گیا۔ دوران تفتیش ملزم کی شناخت ظہور احمد بٹ ولد عبدالرحیم بٹ ساکن تکیبل بریوہ کے نام سے ہوئی جس کے قبضے سے24گرام چرس برآمد ہوئی۔تھانہ پولیس کھاگ بڈگام نے اس سلسلے میں کیس ایف آئی آر نمبر 58/22 متعلقہ دفعات کے تحت درج کر کے تحقیقات شروع کی۔دوران تفتیش، ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے ممنوعہ مادہ غلام محمد نائیک عرف برنگی ولد مرحوم عبدالغنی نائک ساکن سوتھرن کھاگ اور اس کے بیٹے پرویز احمد نائیک سے خریدا تھا ۔ اسی مناسبت سے پولیس پارٹی نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کھاگ کے ہمراہ غلام محمد نائیک برنگی کے گھر پر چھاپہ مار کرجہاں سے 15کلو بھنگ کے پتے برآمدہوئے تاہم باپ بیٹا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو ہے، دونوں کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے، مزید گرفتاریاں اور بازیابیاں متوقع ہیں۔اسی دوران منشیات فروشوں کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے، اونتی پورہ پولیس نے پامپور علاقے میں چار منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ پولیس اسٹیشن پامپور کی پولیس پارٹی ناکہ کے دوران ایک مارتی گاڑی 800زیر رجسٹریشن نمبرJK13E-5230کو رکنے کا اشارہ کیاجس میں 4 افراد سوار تھے ۔ پولیس نے گاڑی کی تلاشی لی اور تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ساڑھے6کلو گرام ممنوعہ مادہ پوست کا بھوسا برآمد ہوا۔ 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت منیر رسول بٹ ولد غلام رسول بٹ ساکن نمبلہ بل،عادل علی ولد علی محمد ڈار ساکن سمبورہ،جاوید احمد ڈارولد محمد اکرم ڈار ساکن میج پامپور اورنصیر احمد شاہ ولد بشیر احمد شاہ ساکن چندھارا پانپورکے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے جرم میں استعمال ہونے والی مارتی گاری کوضبط کی ہے۔ تھانہ پولیس پانپور نے کیس زیر ایف آئی آر نمبر 123/22درج کرکے مذید تحقیقات شروع کردی۔










