سرینگر //جے اینڈ کے کھادی ولیج اینڈ انڈسٹریز بورڈ ( کے وی آئی بی ) کی وائس چئیر پرسن ڈاکٹر حنا شفیع بھٹ نے کھادی ولیج اینڈ انڈسٹری کمیشن ( کے وی آئی سی ) کو واپس کرنے کیلئے 180.41 لاکھ روپے کا چیک آج راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا کو پیش کیا ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دستکاری اور مقامی مینو فیکچرنگ یونٹس کی ترقی کیلئے درکار تربیت ، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کی مدد فراہم کرنے میں جے اینڈ کے کے وی آئی بی کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے جموں کشمیر کی ہمہ جہت ترقی اور خود کفالت کو یقینی بنانے کیلئے دیہی صنعتوں کو مضبوط بنانے کیلئے کاریگروں ، نئے کاروباری افراد کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’کے وی آئی بی نے ہم آہنگی کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری طریقوں کو روائت کے ساتھ ملایا ہے اور دولت اور ملازمت کی تخلیق میں بے پناہ شراکت کی ہے ۔گاؤں کی سطح پر دستکاری کے کلسٹرز ، مینو فیکچرنگ اور سروس یونٹس کاریگروں کی ترقی اور کمائی میں نمایاں طور پر حصہ ڈالیں گے ‘‘۔ جے اینڈ کے کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ ملک کے سرکردہ بورڈز میں سے ایک ہے جس نے کے وی آئی سی کے پاس زیر التوا واجبات کو صاف کیا ہے ۔ یہ رقم کھادی اور گاؤں کی صنعت کمیشن ، ایم ایس ایم ای کی وزارت حکومت ہند کو واپس کر دی جائے گی جو بنکوں کے کنسورشیم سے فنڈز ادھار لیتا ہے اور بدلے میں اسے بینکوں کے قابل سود کی شرحوں پر بورڈز کو جاری کرتا ہے تا کہ وہ کمیشن کی طرف سے منظور شدہ اسکیموں کو آگے بڑھا سکیں ۔ واضح طور پر جے اینڈ کے کے وی آئی بی گاندھی کے فلسفے اور اصولوں کو فروغ دینے کیلئے ’ گاندھی کتھا ‘ کے تھیم کے تحت ایک پندرہ روزہ طویل پروگرام کا مشاہدہ کر رہا ہے ۔










