جموں //پرنسپل سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایچ اینڈ یو ڈی ڈی ) دھیرج گپتا نے جموں اور سرینگر کیلئے الیکٹرک بس پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک جامع میٹنگ کی صدارت کی ۔ جموں و کشمیر حکومت 200 الیکٹرک بسوں کا بیڑا خرید رہی ہے ۔ جموں سمارٹ سٹی لمٹیڈ ( جے ایس سی ایل ) اور سرینگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ ( ایس ایس سی ایل ) پروجیکٹ کو انجام دینے والی ایجنسیاں ہیں ۔ میٹنگ کے آغاز پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) جے ایس سی ایل راہول یادو نے چئیر کو اب تک کی گئی کارروائیوں اور دونوں شہروں میں الیکٹرک بس سروس کو جلد شروع کرنے کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ای ۔ بس خدمات کا قیام بہت اہم پروجیکٹ ہے اور ٹرانسپورٹ کے صاف موڈ کو اپنانے کی سمت میں ایک بڑا رول ادا کرے گا ، دھیرج گپتا نے پروجیکٹ کو انجام دینے والی ایجنسیوں سے کہا کہ وہ اس عمل کو تیز کریں اور رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کریں ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم کوششیں کریں کہ برقی بسیں جلد چلائی جائیں ۔ پرنسپل سیکرٹری کو بتایا گیا کہ جموں میں چارجنگ اور پارکنگ ڈپو کے قیام کیلئے اراضی کو حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ سرینگر میں اس کیلئے چند مقامات کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ۔ دھیرج گپتا نے جے ایس سی ایل سے کہا کہ وہ ڈپو کے قیام کیلئے زمین ٹاٹا کے حوالے کرے اور دوسرے محکموں سے کہا کہ وہ سروس فراہم کرنے والوں کو تمام لاجسٹک سپورٹ فراہم کریں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ایس ایس سی ایل کو بس ڈپو کے قیام کیلئے زمین کے پارسل کو حتمی شکل دینے اور اسے جلد از جلد ٹاٹا کے حوالے کرنے کیلئے سخت ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے تمام رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کیلئے ایس ایس سی ایل کیلئے آخری تاریخ بھی مقرر کی ۔ انہوں نے دونوں خدمات فراہم کرنے والوں سے کہا کہ وہ زمینی سروے شروع کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر مطلوبہ طریقوں کو مکمل کرنے کیلئے سرینگر کا دورہ کریں ۔ انہوںنے ایس ایس سی ایل کے جنرل منیجر ، منصوبہ بندی اور شہری ترقی سے کہا کہ وہ دورہ کرنے والی ٹیم کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں ۔ انہوں نے پراجیکٹ کی تیزی سے تکمیل کیلئے جموں سمارٹ سٹی کے جنرل منیجر فائنانس کو دونوں شہروں کیلئے نوڈل آفیسر کے طور پر نامزد کیا اور خدمات فراہم کرنے والوں کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ۔ ایڈیشنل سی ای او جے ایس سی ایل ہتیش گپتا ، پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) ڈیپارٹمنٹ سے کے ایس نتھیال ، جے پی ڈی سی ایل کے چیف انجینئر سندیپ سیٹھ اور راجندر کمار گپتا سپرنٹنڈ انجینئر ، جل شکتی محکمہ سے پنکج شرما ، ایس بی مٹا ، ٹاٹا موٹرز لمٹیڈ کے اجے سنگھ جبکہ چلو موبلٹی پرائیویٹ لمٹیڈ سے ارون گدورنیا نے میٹنگ میں شمولیت اختیار کی ۔










