سرینگر //گاندر بل کی ڈی ڈی سی چئیر پرسن محترمہ نزہت اشفاق نے راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ ڈی ڈی سی چئیر پرسن کے ساتھ سابق قانون ساز مسٹر اشفاق جبار نے لفٹینٹ گورنر کو گاندر بل علاقے کے اہم سیاحتی اور مذہبی مقامات کی ترقی ، بڑے ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے اور آبی نقل و حمل کو بحال کرنے سے متعلق عوامی اہمیت کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے نالہ سندھ ک خوبصورتی اور ضلع میں تفریحی پارک کی تعمیر کے مطالبات کو بھی پیش کیا ۔ اسی طرح مسٹر وجے رینہ سرپنچ چوگام اے اور بی جے پی ضلعی ترجمان کولگام کی قیادت میں ایک عوامی وفد نے بھی لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور کئی عوامی مسائل کو اٹھایا جن میں گاؤں گنڈ ٹنکی پورہ کولگام میں گاؤں چوگام کیلئے سی ڈی بلاک ، دیوسر کے کنبوں کی مستقل بحالی شامل ہے جو 2014 کے سیلاب کے دوران متاثر ہوئے تھے ۔بعد ازاں جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے شیخ ناصر کھوہامی کی سربراہی میں نیشنل لاء یونیورسٹی کے قیام سمیت جموں و کشمیر کی طلباء برادری کی فلاح و بہبود ، اعلیٰ تعلیم کے اساتذہ کیلئے تربیتی کورس کا تعارف ، بانڈی پورہ میں خواتین ڈگری کالج کا قیام ، جموں و کشمیر کے میڈیکل کالجوں میں پی جی سیٹوں کو بڑھانا اور بھرتی کے عمل کو تیز کرنے سے متعلق مطالبات کی ایک یاداشت پیش کی ۔وفد کے ارکان نے مختلف نئے اقدامات کے ذریعے قبائلی طلباء کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی قدم اٹھانے کیلئے لفٹینٹ گورنر کی زیر قیادت یو ٹی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفود کے ارکان کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کو تحمل سے سنا اور حقیقی مسائل اور مطالبات کے مناسب ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔ جے اینڈ کے اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے اراکین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت سب کیلئے معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے سرشار کوششیں کر رہی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہم قومی تعلیمی پالیسی کو صحیح معنوں میں لاگو کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ تمام تعلیمی ادارے تعلیمی معیار کو برقرار رکھیں اور طلباء کو یہ بااختیار بنائیں کہ وہ جموں و کشمیر کے یو ٹی اور قوم کی سماجی و اقتصادی ترقی کا ایک اہم محرک بنیں ۔










