اب پورے جموں وکشمیرمیںBOSEکے سبھی جماعتوں کے سالانہ امتحانات مارچ اپریل میں لئے جائیں گے
سری نگر//حکومت نے رواں سال ماہ اپریل میں تشکیل دی گئی اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی سفارشات کے تحت جموں و کشمیر کے اسکولوں میں یکساں تعلیمی کلینڈر کے نفاذکو منظوری دی ،جسکے تحت اب پورے جموں وکشمیر میں مارچ اپریل سیشن میں امتحانات ہونگے جبکہ اسکولوںمیں نئے داخلے مارچ کے مہینے میں شروع ہونگے ۔جے کے این ایس کے مطابق ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر کی جانب سے جمعرات کودئیے گئے واضح اشارے کے بعد حکومت نے جمعے کے روز حکومت نے جموں و کشمیر کے اسکولوں میں یکساں تعلیمی کلینڈر کو منظوری دی۔حکومت کے پرنسپل سیکرٹری برائے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آلوک کمار(آئی آرایس)کی جانب سے 7اکتوبر2022کوایک آرڈر زیرنمبر2085-JK(GAD)آف 2022جاری کیاگیا۔اس حکومتی آرڈرمیں 31اگست2022کوجاری کردہ حکومتی آرڈرزیرنمبر2074-JK(Edu)آف2022کاحوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ حکومت کی جانب سے جموں وکشمیرمیں یکساں تعلیمی کلینڈر کے نفاذ کومنظوری دی گئی ہے جس میں مارچ،اپریل کے سیشن میں سالانہ امتحانات کا انعقاد بھی شامل ہے۔ اس حکم نامے کااطلاق کشمیر میں قائم سبھی سرکاری اورتسلیم شدہ نجی اسکولوں پر بھی ہوگا۔حکومتی حکمنامے کے تحت اب کشمیر وادی اورصوبہ جموں کے سرمائی زون والے علاقوںمیں نویں جماعت تک کے سبھی سالانہ امتحانات مارچ ،اپریل سیشن میں لئے جائیں گے۔گورنمنٹ آرڈرمیں مزید حکم دیا گیا ہے کہ پورے جموں وکشمیرمیں یکساں تعلیمی کلینڈر کے تحت اب مختلف کلاسوںمیں طلباء وطالبات کے نئے داخلے کلینڈر سال کے مارچ کے مہینے سے شروع ہوں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت نے قومی تعلیمی پالیسی2020کی روشنی میں مرکزی زیرانتظام علاقے جموں وکشمیرمیں یکساں تعلیمی کلینڈر نافذ کرنے کیلئے رواں سال اپریل کے مہینے میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی ،جس نے گزشتہ ماہ اپنی سفارشات پر مبنی رپورٹ حکومت جموں وکشمیر کوپیش کردی ۔2ستمبر2022کو محکمہ سکول ایجوکیشن نے جموں وکشمیر کے دونوں ڈویژنوں یعنی جموں اورکشمیر کیلئے یکساں کمیٹی کی سفارشات پر ’یکساں تعلیمی کلینڈر‘ کے نفاذ کا حکم جاری کیا۔حکومت کے پرنسپل سکریٹری، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آلوک کمار کے حکم میں کہا گیا کہ کمیٹی کی سفارشات کا محکمہ اسکول ایجوکیشن میں جائزہ لیا گیا اور جموں و کشمیر کے مرکزی زیرانتظام علاقے میں یکساں تعلیمی کلینڈر کونافذکرنے یا چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے اب تک، کشمیر وادی ڈویڑن اور جموں ڈویڑن مختلف موسمی حالات کے مطابق الگ الگ تعلیمی اورامتحانی سیشن کے تحت نظام تعلیم کوچلایاجارہاتھاکیونکہ کشمیر وادی اورجموں کے سرمائی زون میںبورڈآف اسکول ایجوکیشن کی جانب سالانہ امتحانات اکتوبر،نومبر میں منعقد ہوتے تھے جبکہ جموں صوبے کے دیگراضلاع میں سالانہ امتحانات مارچ میں لئے جاتے رہے ہیں ۔










