لوگ افواہوں پرکان نہ دھریں: ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیرنگہت اندرابی
سری نگر//ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیر ڈویڑن، نگہت اندرابی نے جمعہ کو کہا کہ لوگوں کو کھانسی کے اُس شربت کے استعمال سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، جس کے بارے میں عالمی ادارہ صحت نے الرٹ جاری کیا تھا، کیونکہ ہندوستانی دواسازکمپنی’ میڈن فارماسیوٹیکلز لمیٹڈ‘ کی تیار کردہ 4 دوائیں بشمول کھانسی کی شربتSyrup صرف گیمبیا کیلئے تیار کئے گئے تھے۔جے کے این ایس کے مطابق ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیرنگہت اندرابی نے ایک مقامی میڈیاگروپ کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ دواسازکمپنی’ میڈن فارماسیوٹیکلز لمیٹڈ کی چاروں مصنوعات یعنی کھانسی وزکام کیلئے مخصوص ادویات کشمیر یا ہندوستان کے لئے تیار نہیں کی گئیں، بلکہ وہ صرف گیمبیا کے لیے تیار کی گئی ہیں، اس لیے یہاں لوگوں کو گھبرانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وہ پہلے ہی سرکیولر جاری کر چکی ہیں اور ابھی تک ان کی ٹیموں کو زمین پر کچھ نہیں ملا ہے۔ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیرنے کہاکہ پھر بھی ہم اس بات کا یقین کرنے کیلئے تمام مصنوعات یعنی ادویات کی جانچ کر رہے ہیں۔ لیکن ابھی کیلئے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ افواہیں پھیلانے والے ہمیشہ موجود رہتے ہیں اور لوگوں کو ان پر کوئی دھیان نہیں دینا چاہئے۔قبل ازیں، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیر نے تمام اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولرز سے ڈسٹری بیوشن چینلز سے فارمولیشنوں کی نشاندہی کرنے کے بعد فوری کارروائی کے لیے کہا تھا۔قابل ذکر ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ایک ہندوستانی دوا ساز کمپنی’ میڈن فارماسیوٹیکلز لمیٹڈ ‘ کی تیار کردہ4’آلودہ یاغیرمعیاری‘ دوائیوں کے لئے الرٹ جاری کیا ہے جن کا’ممکنہ طور پر تعلق‘ کے گردے کی شدید خرابی اور گیمبیا میں66 بچوں کی اموات سے ہے۔










