پونچھ کے مضافاتی گائوں میں خونخوار ریچھ کاحملہ

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے چھلہ ڈانگری علاقہ میں جمعے کے روز ریچھ کے حملے میں2 کمسن بچیوں سمیت4افراد زخمی ہوگئے ،جن کوعلاج ومعالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیاگیا جبکہ محکمہ جنگلی حیات کی ایک ٹیم نے ریچھ کی تلاش شروع کردی ۔جے کے این ایس کے مطابق ضلع پونچھ کے چھلہ ڈانگری گائوںمیں اُسوقت خوف وہراس کی لہردوڑ گئی ،جب یہاں گھاس کاٹنے کے دوران ایک ریچھ نے چار افراد پر حملہ کردیا۔ریچ کے حملے میں 2 کمسن بچیوں سمیت4افرادشدیدزخمی ہوگئے ،جن میں بقول پولیس ذرائع کے دس سالہ سائرہ کوثردخترمختار حسین ،انجم بشیر دخترمحمد بشیر،شاہینہ اختر زوجہ مختار حسین ،اورعبدالمجید ولد میر محمدساکنان چھلہ ڈانگری شامل ہیں ۔پولیس نے بتایاکہ سبھی زخمیوںکوسب ضلع اسپتال منڈی پونچھ منتقل کیاگیا ،جہاں اُن کاعلاج چل رہاہے ۔اُدھر اس حملے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلی حیات کی ایک ٹیم نے ریچھ کی تلاش شروع کردی ۔