security arrangements have been tightened in Baramulla

مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی آمد کے پیش نظر بارہمولہ میں کڑے سیکورٹی انتظامات

بارہمولہ //مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے طے شدہ دورے اورشوکت علی اسٹیڈیم بارہمولہ میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کے پیش نظر بارہمولہ قصبہ میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔ڈگری کالج بارہمولہ سے متصل اسٹیڈیم کے گردنواح میں سیکورٹی کے دستے تعینات کئے گئے ہیں جبکہ بدھ کومقام ریلی کے سامنے سے گزرنے والی قومی شاہراہ سے عام ٹریفک کی نقل وحمل بندرہے گی،ساتھ ہی بدھ کوبڈگام سے بارہمولہ تک ٹرین سروس معطل رہے گی ۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے طے شدہ دورے کے پیش نظر بارہمولہ میں انتظامات مکمل کئے گئے ہیں ۔ڈگری کالج سے متصل گرائونڈیااسٹیڈیم میں عوامی جلسے کیلئے ایک بڑا اسٹیج تیار کیاگیاہے جبکہ کالج گرائونڈ کے گردونواح میں پولیس ،فورسزاورفوج کی نفری بٹھادی گئی ہے ۔منتظمین کاماننا ہے کہ اس عوامی ریلی میں شمالی کشمیر اوروادی کے دیگر علاقوں سے ہزاروںکی تعدادمیں لوگ آکر شرکت کریں گے ،اسلئے گاڑیاں پارک کرنے کیلئے اسٹیڈیم سے دور ایک جگہ مقرر کی گئی ہے ۔حکام نے بتایاکہ ایک احتیاطی اقدام کے بطور بدھ کو بارہمولہ سے سری نگرجانے والی اورسری نگرسے بارہمولہ یااوڑی آنے والی گاڑیوںکوجلسے کے مقام کے سامنے سے گزرنے والی قومی شاہراہ سے چلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔انہوںنے کہاکہ 5،اگست بروز بدھ وار کوشوکت علی اسٹیڈیم بارہمولہ میں منعقد ہونے والی عوامی ریلی ،جس سے مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ خطاب کرنے والے ہیں ،کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے بارہمولہ ،سری نگر قومی شاہراہ پر سفر کرنے والی سبھی گاڑیوںکی آمدورفت کیلئے ایک ایڈوائزری جاری کردی ہے ۔سینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس ،ٹریفک رورول کشمیر کی جانب سے پیر 3اگست کوجاری کی گئی ایڈوائزری میں کہاگیا ہے کہ5،اگست کوسری نگر سے بارہمولہ جانے والی سبھی گاڑیوںکو سنگرامہ پہنچ کر فروٹ منڈی سوپور کے راستے سے ہوتے ہوئے بارہمولہ پہنچناہوگا،اوریہی ایڈوائزری اوڑی جانے والی گاڑیوں کیلئے بھی ہوگی ،جو آزاد گنج سے ہوکر خانپورہ پُل کراس کریں گی ۔اسی طرح سے بارہمولہ بشمول اوڑی سے سری نگرجانے والی گاڑیوںکوخانپورہ پل سے آزاد گنج ،یہاں سے لڈورہ کے راستے فروٹ منڈی سوپور جانا ہوگا،جہاں سے یہ گاڑیاں سنگرامہ پہنچ کرپٹن سے ہوتے ہوئے سری نگرکی جانب اپنا سفر جاری رکھ سکتی ہیں ۔اس دوران حکام نے منگل کو کہا کہ بارہمولہ اور بڈگام سیکشن کے درمیان ٹرین سروس 5 اکتوبر کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بارہمولہ میں عوامی ریلی سے خطاب کے پیش نظر معطل رہے گی۔ایک بیان کے مطابق بارہمولہ اور بڈگام سیکشن کے درمیان ٹرین سروس بارہمولہ کے وی وی آئی پی کے دورے کے سلسلے میں معطل رہے گی۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹرین سروس کو معطل کر دیا گیا ہے۔