بارہمولہ//شمالی ضلع بارہمولہ کے بالائی علاقوں میں اسوقت خوف اورتشویش کی لہردوڑ گئی ،جب ہفتے کوبعددوپہر مطلع اچانک ابروآلود ہونے کے بعدیہاں شدیدنوعیت کی ژالہ باری ہوئی ،جو تقریباً15منٹ تک جاری ہے ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق کنڈی بارہمولہ کے بانڈی پائین ،کوہلنہ،نلسر،کچھوہ مقام اوردیگر کچھ نزدیکی دیہات میں سنیچر کودوپہر کے وقت اچانک ژالہ باری شروع ہوئی ۔مقامی لوگوںکی مانیں توشدیدنوعیت کی ژالہ باری کاسلسلہ20سے25منٹ تک جاری رہا۔انہوںنے کہاکہ کئی کئی گرام وزنی اولے گرنے سے پورا علاقے میں خوف اورتشویش کی لہردوڑ گئی ،اورلوگ اس آسمانی قہر سے بچنے کیلئے گھروںمیں سہم کررہ گئے ۔متاثرہ دیہات کے لوگوںنے بتایاکہ شدیدژالہ باری کی وجہ سے کھیتوںمیں کاٹ کر جمع رکھی گئی دھان کی فصل ،مکئی اوردرختوں پر موجود میوہ جات کوبھی کافی نقصان پہنچا۔لوگوں نے بتایاکہ حالیہ دنوںمیں موسم خشک رہنے کے دوران زمینداروںنے دھان کی فصل کاٹ کر اپنے کھیتوںمیں جمع رکھی تھی اورژالہ باری سے اس کوبھاری نقصان پہنچا۔انہوںنے کہاکہ بانڈی پائین سمیت تمام متاثرہ بالائی علاقوںمیں ابھی میوہ باغات میں سیب کے کئی اقسام کی پیداواردرختوں پر ہی موجود تھی ،جس کوژالہ باری سے کافی نقصان پہنچا۔متاثرہ دیہات کے لوگوںنے بتایاکہ ژالہ باری بندہونے کے دوران کھیتوں اورباغات کے ساتھ ساتھ گھروں کے صحنوں میں موٹی سفید چادر بچھ گئی ۔انہوںنے کہاکہ کھیتوںمیں جمع دھان کی کھڑی فصل کیساتھ ساتھ سبزیوں اورمیوہ جات کو بھی نقصان پہنچاہے ۔










